سروسز ہسپتال میں زیر علاج محمدنواز شریف کے چیک اپ کیلئے چھ رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل

منگل 22 اکتوبر 2019 23:16

لاہور۔22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) سروسز ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیر اعظم محمدنواز شریف کے چیک اپ کے لیے چھ رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا گیا۔ میڈیکل بورڈ میں ماہر سرجن، میڈیسن، شوگر، انفیکشن ڈیزیز اور پتھالوجسٹ شامل ہیں۔ پرنسپل سمز میڈیکل کالج پروفیسر محمود ایاز کو میڈیکل بورڈ کی سربراہی سونپی گئی ہے۔

پروفیسر آف پلمانولوجی ڈاکٹر کامران خالد چیمہ،پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر عارف ندیم ،پروفیسر آف پتھالوجی ڈاکٹر فائزہ بشیر،ایسوسی ایٹ پروفیسر آف انڈرو کرنالوجی ڈاکٹر خدیجہ عرفان اور ایسوسی ایٹ پروفیسر آف انفکیشن ڈیزیز ڈاکٹر صوبیہ قاضی بورڈ میں شامل ہیں۔ نواز شریف کا ہسپتال میںمعمول کا طبی معائنہ بھی کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں نواز شریف کو ڈینگی بخار نہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

دوسری طرف سیکرٹری صحت پنجاب مومن آغا کو سابق وزیراعظم نوازشریف کے میڈیکل بورڈ کی بریفنگ دی گئی۔سیکرٹری صحت مومن آغا کا نوازشریف سے حکومت پنجاب کی طرف سے ملاقات کے بعد کہنا ہے کہ حکومت نوازشریف کے علاج معالجے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی، ان کے علاج کے لئے تمام سہولیات فراہم کر رہے ہیں، نوازشریف کے علاج کے معاملے پر میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر من و عن عمل کیا جائے گا۔

ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ محمد نواز شریف کے کچھ ٹیسٹ تسلی بخش ہیں کچھ نہیں، جو تسلی بخش نہیں ان ٹیسٹوں کو دوبارہ کروا رہے ہیں، خون سے متعلقہ ٹیسٹوں کی رپورٹس تسلی بخش نہیں۔ پلیٹ لیٹس کی تعداد 1 لاکھ 50 ہزار ہونی چاہیے، ہومیٹو کریٹ کی ویلیو 37 ہو گئے جبکہ 38 ہونی چاہیے، مسلم لیگ ن کے قائد کے پلیٹ لیٹس کی تعداد آٹو میٹک اور مینول دونوں طریقوں سے چیک کیا گیا۔

دوسری طرف صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی سروسز ہسپتال میں بہترین دیکھ بھال جاری ہے۔ چھ رکنی بورڈ میں شامل سینئر ڈاکٹرز نواز شریف کی مناسب نگہداشت کررہے ہیں، سینئر ڈاکٹرز پلیٹ لیٹس کم ہونے کی وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں۔علاوہ ازیں کارکنوں کی بڑی تعداد سروسز ہسپتال کے باہر جمع رہی اور پارٹی قائد محمد نواز شریف کی صحتیابی کے لئے دعا بھی کی گئی۔ سکیورٹی انتظامات کیلئے پولیس کی بھاری نفری بھی ہسپتال کے اندر او رباہر تعینات ہے۔