امریکہ کا بھارت سے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کا احترام کرنے کا مطالبہ

منگل 22 اکتوبر 2019 23:41

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) امریکہ نے وادی کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کا احترام کرے اور علاقے میںانٹرنیٹ سمیت دیگر مواصلاتی ذرائع بحال کرے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جنوبی اور وسطی ایشیا کے لیے امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس جی ویلز نے ایشیا، پیسیفک اورجوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلائو کے بارے میں امریکی کانگریس میں خارجہ امور کمیٹی کی ذیلی کمیٹی میں دیے گئے اپنے بیان میںتشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ وادی کشمیر میں معمولات زندگی بحال نہیں ہوئے ہیں اورمحکمہ خارجہ نے بھارتی حکومت کے ساتھ کشمیر میں سیاسی رہنمائوں اور دیگر لوگوں کی گرفتاری کا معاملہ اٹھایا ہے۔

ایلس ویلز نے جنوبی ایشیا میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں کانگریس کی ذیلی کمیٹی میں ہونے والی بحث سے ایک دن پہلے کمیٹی کو بتایاکہ امریکہ نے بھارتی حکام پرانسانی حقوق کا احترام کرنے اور انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک سمیت تمام سروسز کی بحالی پر زوردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اگرچہ گرفتار افراد کی اصل تعدادکا اندازہ لگانا مشکل ہے تاہم امریکہ سمجھتا ہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران کئی ہزار لوگوں کوگرفتارکیاگیا ہے جن میں بہت سے افراد کوبغیر کسی الزام کے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندکیاگیا ہے ۔

ملائیشیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمدنے کوالالمپور میں پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات پر اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اوربھارتی تاجروں کی طرف سے ملائیشیا سے پام آئل کی درآمد کے بائیکاٹ کے باوجود اپنافیصلہ تبدیل نہیںکریں گے۔