’’بیٹا! مجھے آپ کی فکر لاحق ہے، میں اپنی بیماری بھول کر آپ کے لیے زیادہ پریشان ہوں

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر سے ٹیلی فونک بات چیت ’’میرے حوصلے بلند ہیں ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا‘‘’ آپ اپنی صحت کا خیال رکھیں کیونکہ نواز شریف کی قوم کو ضرورت ہے ، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر

منگل 22 اکتوبر 2019 23:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2019ء) ’’بیٹا! مجھے آپ کی فکر لاحق ہے، میں اپنی بیماری بھول کر آپ کے لیے زیادہ پریشان ہوں‘‘۔ یہ جملے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر سے ٹیلی فونک بات چیت کے دوران ادا کیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی بات چیت صدر مسلم لیگ (ن) لائرز فورم رفاقت ڈوگر نے اپنے موبائل فون پر کرائی۔

(جاری ہے)

ذمہ دار ذرائع کے مطابق کپٹن (ر) محمد صفدر نے موبائل فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ ! پریشان نہ ہوں، میں بالکل ٹھیک ہوں‘‘۔ سابق وزیراعظم نے فون پراستفسارکیا کہ ’’ پولیس والوں نے آپ کے ساتھ زیادتی تو نہیں کی‘‘ انہوں نے اپنے داماد کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’پریشان نہ ہونا اور حوصلہ نہ ہارنا‘‘۔کیپٹن (ر) محمد صفدر نے جواب میں کہا کہ ’’میرے حوصلے بلند ہیں ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا‘‘۔ انہوں نے پی ایم ایل (ن) کے قائد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ آپ اپنی صحت کا خیال رکھیں کیونکہ نواز شریف کی قوم کو ضرورت ہے‘‘۔