حکومت نےمفاد عامہ کیلئے 8 نئے قوانین کی منظوری دے دی

مقدمات کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال ہوگی، ایک ہی عدالت میں مقدمہ سنا جائیگا، دوسری اپیل کو ختم کیا جا رہا ہے، خواتین کے وراثتی اوردیگرسرٹیفکیٹس کے اجراء کو20 دن تک محدود کیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی میڈیا بریفنگ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 22 اکتوبر 2019 21:10

حکومت نےمفاد عامہ کیلئے 8 نئے قوانین کی منظوری دے دی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ حکومت نے مفاد عامہ کیلئے 8 نئے قوانین کی منظوری دے دی، مقدمات کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال ہوگی، ایک ہی عدالت میں مقدمہ سنا جائیگا، دوسری اپیل کو ختم کیا جا رہا ہے، خواتین کے وراثتی اور دیگر سرٹیفکیٹس کے اجراء کو20 دن تک محدود کیا جا رہا ہے، انصاف کا تیز ترین حصول وزیراعظم کا وعدہ ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ مفاد عامہ کیلئے 8 نئے قوانین کی منظوری دی گئی ہے،امید ہے کہ وکلاء کی طرف سے تعاون کیا جائے گا۔ نئے قوانین کے تحت ایک ہی عدالت میں مقدمات سنے جائیں گے۔ مقدمات میں دوسری اپیل کو ختم کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

وکلاء کو بھی مصروف رکھنے کا سسٹم لارہے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے وقت کی بچت ہوگی۔

مقدمات میں جدید طریقہ کار کے استعمال سے بدعنوانی میں کمی آئے گی۔ دیوانی مقدمات کے فیصلوں اورانصاف کیلئے تین تین نسلیں رل جاتی تھیں۔ پرانے قوانین کے تحت صرف مقدمہ دائر کرنے میں ہی وقت لگ جاتا تھا، اب ایسے قوانین کی منظوری دی گئی ہے جس سے تیز ترین انصاف ملے گا۔ وزیراعظم کا وعدہ ہے کہ انصاف کا تیز ترین حصول بنایا جائے گا۔نئے قوانین سے سول اور دیوانی مقدمات جلد نمٹانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ خواتین سے متعلق مقدمات میں دادرسی کی جائے گی۔ خواتین کی وراثتی جائیداد سے متعلق مقدمات بھی جلد نمٹائے جائیں گے۔ وراثتی اور دیگر سرٹیفکیٹس کے اجراء کو 15سے 20 دن تک محدود کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وفاقی معاون خصوصی اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، کابینہ اجلاس کا 14 نکاتی ایجنڈا تھا۔

کابینہ اجلاس میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے سمیت اہم فیصلے کیے گئے۔ مہنگائی اور خسارے میں کمی کے ایجنڈے کو نمبر ون رکھا گیا۔ اجلاس میں آڑھتی کے کردار کو ختم کرنے اور بلاسود قرضے دینے کی منظوری دی گئی، سستے گھروں کیلئے 5 ارب کے قرضوں کی منظوری دی گئی۔کم لاگت گھروں کیلئے 10لاکھ تک قرضے دیے جائیں گے،بلاسود قرضوں کی واپسی کیلئے ایک سے 4 سال کا وقت رکھا گیا ہے۔

کرتارپورراہداری سے متعلق معاہدہ کابینہ نے منظور کرلیا ہے۔ وزیراعظم 9 نومبر کو کرتارپورراہداری کا افتتاح کریں گے۔ کرتار پور راہداری سے مذہبی سیاحت کوفروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مواصلات 35 ہزار نوجوانوں کو انٹرن شپ دے گی۔ منشیات کی روک تھام کیلئے ’زندگی آپ کے نام‘ ایپ متعارف کروائی جائے گی۔