صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کی شہنشاہ جاپان نارو ہیٹوکی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت

صدر مملکت اور خاتون اول نے شہنشاہ جاپان کو مبارک باد اورشہنشاہ جاپان کی طرف سے دیئے گئے عشائیے میں شرکت ، ڈاکٹر عارف علوی کی سربراہان مملکت، سربراہان حکومت، بادشاہوں اور ولی عہدوں سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں

منگل 22 اکتوبر 2019 23:05

ٹوکیو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے منگل کو شہنشاہ جاپان نارو ہیٹوکی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر صدر مملکت اور خاتون اول نے شہنشاہ جاپان کو مبارک باد دی۔ تقریب میں 100 سے زائد سربراہان مملکت اور سربراہان حکومت نے شرکت کی۔ بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہنشاہ جاپان کی طرف سے دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی۔

اس موقع پر انہوں نے دنیا بھر سے آئے ہوئے سربراہان مملکت، سربراہان حکومت، بادشاہوں اور ولی عہدوں سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں صدر مملکت نے ان سے باہمی دلچسپی کے امور سمیت بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں دیر پا امن قائم نہیں ہو سکتا اور اس مسئلے کے ساتھ دنیا عالمی امن بھی جڑا ہوا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جسے طاقت کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا جس طرح بھارت گزشتہ 70 سالوں سے اس مسئلے کو دبا رہا ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے امیر قطر شہزادہ تمیم، بحرین کے ولی عہد شہزاد سلمان اور سعودی عرب کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور دوستی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

صدر مملکت نے برطانیہ کے پرنس چارلس سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ صدر مملکت نے انہیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے بعض سربراہان مملکت کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی اور کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں، غیر ملکی سرمایہ کار ان مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروباری آسانیوں کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین قدرتی حسن سے مالا مال ہے اور پاکستان میں سیاحت کے وسیع مواقع ہیں۔ عشائیے میں صدر مملکت نے امیر قطر تمیم بن حمد الثانی، نیدرلینڈ کے بادشاہ ویلم الیگزینڈر، ملائیشیا کے بادشاہ عبداللہ، بھوٹان کے بادشاہ جگمی خیسر، فرانس کے صدر، افغانستان کے صدر اشرف غنی، البانیہ کے صدر، آئس لینڈ کے صدر، بلغاریہ کے صدر، صدر ایسٹونیہ، مالدیپ کے صدر، سنگاپور کی صدر حلیمہ یعقوب، ایران کی نائب صدر، برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس، بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان، ڈنمارک کے ولی عہد فریڈرک اور دیگر شرکاء سے ملاقاتیں کیں۔