اکرم درانی نے نیب انکوائریز میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا

منگل 22 اکتوبر 2019 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) سابق وفاقی وزیر اکرم درانی نے نیب انکوائریز میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ درخواست کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں ڈویژن بنچ آج کرے گا۔ انھوں نے کامران مرتضی ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی ہے جس میں چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اکرم درانی نے درخواست میں کہا ہے کہ وہ احتساب کے عمل پر یقین رکھتے ہیں اور نیب سے تعاون کر رہے ہیں اور نیب کی جانب سے بھجوائے گئے سوالنامے کا جواب بھی دے چکے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نیب انکوائریز ختم ہونے تک ان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کی جائے۔ واضح رہے کہ نیب اکرم درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کر رہا ہے جبکہ ان کے خلاف فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائو سنگ فائو نڈیشن کے دو رہائشی منصوبوں میں کرپشن کی انکوائری بھی جاری ہے۔