خواتین خلابازوں کے ساتھ ٹرمپ کے نازیبا اشارے،سوشل میڈیا پر وائرل

ڈونلڈ ٹرمپ نے خاتون خلاباز کا بات کے دوران ٹوکنے پر برا منایا تھا

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 23 اکتوبر 2019 03:46

خواتین خلابازوں کے ساتھ ٹرمپ کے نازیبا اشارے،سوشل میڈیا پر وائرل
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2019ء)   کبھی کبھی تویقین ہی نہیں آتا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ہی امریکہ جیسی سپر پاور کے صدرہیں۔ان کی طرح طرح کی حرکتیں،جذباتی بیانات اور متعدد بار لیے گئے یوٹرن کسی عالمی لیڈر کی شخصیت کا حصہ ہو ہی نہیں سکتے۔یقین کریںبہت کم ہی میٹنگز یا معاملات میںان کا رویہ سنجیدہ پایا گیاہے وگرنہ ان کی حرکتیں کسی بھی مسخرے سے کم نہیں ہوتیں۔

ہالی وڈ کی فلم جوکر دیکھ کر بھی کہیں کہیں ڈونلڈ ٹرمپ کا خیال ذہن میں آ جاتا تھا کہ یہ کردار اگر انہیں دیا جاتا تو کیساہوتا۔اس کی وجہ یہی ہے کہ وہ نامناسب اور نازیبا حرکات سے اکثر سوشل میڈیاپر تنقید کے زد میں رہتے ہیں۔اب خلا بازوں سے ملاقات کے دوران بھی موصوف ایسے ایسے عجیب وغریب اشارے کرتے رہے کہ سوشل میڈیا صارفین نے خوب دھلائی کر ڈالی۔

(جاری ہے)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خلا میں موجود امریکی خلانوردوں سے براہ راست گفتگو کے دوران نامناسب اشارے سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئے۔ہوا کچھ یوںکہ گذشتہ ہفتے2 امریکی خواتین خلا بازوں نے خلا میں چہل قدمی کی ۔ان سے گفتگو کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں خلا میں چہل قدمی کرنے والی پہلی خواتین قرار دیا اور تاریخ رقم کرنے پر انہیں مبارک باد پیش کی۔

تاہم ایک خاتون خلاباز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصحیح کی اور کہا کہ ہم دونوں سے پہلے بھی 12 خواتین خلا میں چہل قدمی کرچکی ہیں۔خاتون کے ٹوکنے پر صدر ٹرمپ سٹپٹا گئے اور نامناسب انداز میں اپنے بال درست کرنے لگے جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے بال درست کرنے کے دوران ہاتھ کے اشارے کو نامناسب قرار دیا جارہا ہے،اس سے قبل بھی صدر ٹرمپ کو متعدد بار یہی اشارہ کرنے پر تنقید کانشانہ بنایاجاچکاہے۔

گذشتہ ہفتے دو امریکی خواتین خلابازوں نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے باہر نکل کر خلا میں کام کرتے ہوئے اسٹیشن کے ایک خراب پاور کنٹرولر کو تبدیل کیا تھا۔امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق یہ دنیا کی تاریخ میں ’صرف خواتین پر مشتمل خلائی چہل قدمی کا پہلا واقعہ‘ تھا، اس سے قبل خواتین خلا بازوں کے ساتھ مرد خلا باز بھی خلا میں چہل قدمی کیلئے جاتے رہے ہیں۔