صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جاپان کے وزیر اعظم شنزو ایبے سے ملاقات،

صدر مملکت کی جاپان کے شہنشاہ کو تاج پوشی پر مبارکباد

بدھ 23 اکتوبر 2019 11:24

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جاپان کے وزیر اعظم شنزو ایبے سے ملاقات،
ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جاپان کے وزیر اعظم شنزو ایبے سے یہاں وزیراعظم آفس میں ملاقات کی اور جاپان میںحالیہ سمندری طوفان ہگی بیس سے ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمی کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے جاپان کے شہنشاہ کی تاج پوشی پر انہیں مبارکباد دی اور امید ظاہر کی اس سے جاپان کے عوام کے لئے مزید خوشحالی اور ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔

صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفید تعلقات اور بالخصوص سرمایہ کاری تجارت ،انسانی وسائل کی ترقی اور عوام کے درمیان رابطوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی 30 سال تک کی عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے جبکہ جاپان میں آبادی کم ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے اقتصادی فوائد کے لئے انہیں استعمال کیا جاسکتاہے ۔

صدر مملکت نے مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا بھی ذکر کیا اور جاپان کے وزیر اعظم سے کہا ک کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی بحالی کے لئے بھارت پر اپنا اثر رسوخ استعمال کرے ۔جاپان کے وزیر اعظم نے رسم تاج پوشی کی تقریب میں شرکت پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے دوروں سے پاکستان اور جاپان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔