Live Updates

امریکی کانگرس نے مقبوضہ کشمیرکو دنیا کا خطرناک ترین خطہ قراردیدیا

کشمیری کمیونٹی کا اپنے اہل خانہ سے کوئی رابطہ نہیں‘آزاد ذرائع سے کشمیر کی صورت حال جاننے سے قاصر ہیں. بریڈشرمین

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 23 اکتوبر 2019 12:13

امریکی کانگرس نے مقبوضہ کشمیرکو دنیا کا خطرناک ترین خطہ قراردیدیا
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 اکتوبر ۔2019ء) امریکی کانگریس نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے دنیا کا خطرناک ترین خطہ قرار دیا ہے. جنوبی ایشیا میں انسانی حقوق کی صورت حال پر کانگریس کی ذیلی کمیٹی میں سماعت کے دوران امریکی حکومت سے پوچھا گیا کہ وہ کشمیر میں حالات معمول پر لانے کے لیے کیا اقدامات کر رہی ہے.

(جاری ہے)

کمیٹی کے چیئرمین بریڈ شرمین نے کہا کہ امریکی سفارت کاروں کو بھارت نے کشمیر جانے سے روکا جس کی وجہ سے ہم آزاد ذرائع سے کشمیر کی صورت حال جاننے سے قاصر ہیں‘انہوں نے سوال کیا کہ امریکہ کی کشمیر کے بارے میں پالیسی کیا ہے؟اس موقع پر ارکان کانگریس نے بتایا کہ امریکہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی نے انہیں بتایا ہے کہ کشمیر میں ان کا اپنے اہل خانہ سے کوئی رابطہ نہیں رہا اور انہیں نہیں معلوم کہ وہ کس حال میں ہیں.

سماعت میں بتایا گیا کہ پابندیوں کے دوران بھارتی میڈیا کو مبینہ طور پر دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ اگر انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر خبریں جاری کیں تو ان کی فنڈنگ روک دی جائے گی کمیٹی کو بتایا گیا کہ دباﺅ کے ان مبینہ اقدامات کے نتیجے میں کشمیر کی حقیقی صورت حال دنیا کے سامنے نہیں آ پا رہی. خاتون رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے سوال کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کتنے فوجی ہلاک ہوئے اور اس جنگ میں امریکہ کیا کردار ادا کر رہا ہے؟ اور کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی فوجی کیوں تعینات ہیں؟ گویا وہاں ہر آٹھ شہری پر ایک فوجی کی نگرانی ہے.

معاون امریکی وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیا، ایلس ویلز نے جواب میں بتایا کہ بھارت سمجھتا ہے کہ اسے کشمیر میں غیر ریاستی دہشت گردوں سے خطرہ ہے، جو لائن آف کنٹرول پار کر سکتے ہیں، جس کے باعث اتنی بڑی تعداد میں کشمیر میں فوجیوں کی تعیناتی ضروری ہے جب ان سے پوچھا گیاکہ وہ غیر ریاستی عناصر کون ہیں، تو انہوں نے کہا کہ یہ عناصر جیش محمد، لشکر طیبہ اور حزب المجاہدین ہیں.

انہوں نے کہا کہ جب وزیر اعظم عمران خان امریکہ کے دورے پر آئے تھے تو ان سے کہا گیا تھا کہ ان لوگوں کو روکا جائے جس پر وزیر اعظم عمران خان نے حوصلہ افزا جواب دیا تھا اور کہا تھا کہ کسی بھی دہشت گرد کو لائن آف کنٹرول پار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘ایلس ویلز نے بتایا کہ امریکہ نے دیکھا کہ اس کے بعد لائن آف کنٹرول پار کرنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا.

ایلس ویلز نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ دونوں ممالک (پاکستان اور بھارت) شملہ معاہدے کے تحت بات چیت سے اس مسئلے کو حل کریں امریکہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری مذاکرات کے حق میں ہے. اس موقع پر رکن کانگریس الہان عمر نے سوال کیا کہ کشمیر کے مسئلے پر امریکی حکومت کیا کر رہی ہے؟ انھوں نے کہا کہ ’ہمارے علم میں ہے کہ وہاں 4000 کشمیری نوجوان گرفتار ہیں جس پر ایلس ویلز نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر بھارتی حکومت سے بات ہوئی ہے امریکہ کشمیر کے مسئلے کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے اور وہاں کی صورت حال کے پیش نظر امریکی شہریوں کو کشمیر جانے سے روک دیا گیا ہے.

سماعت کے دوران بھارتی نژاد امریکی سینیٹر، جیہ پال نے کہا کہ بھارت اب دنیا کی بڑی جمہوریت نہیں رہا وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے وہاں اس وقت بیماروں کو بھی اجازت نہیں کہ وہ علاج کے لیے سفر کر سکیں. امریکی کانگریس میں امور خارجہ کی ذیلی کمیٹی کی جانب سے ہونے والی اس سماعت کے دو سیشن ہوئے صبح کی نشست میں امریکی وزارت خارجہ کے حکام کے علاوہ ہیومن رائٹس کمیشن اورایمنسٹی انٹر نیشنل کے اہلکار پیش ہوئے‘اس موقع پر معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیا، ایلس ویلز مدعو تھیں دوسری نشست میں مقبوضہ کشمیر کے متاثرین پیش ہوئے جنہوں نے کمیٹی ارکان کو صورت حال سے آگاہ کیا.

اس خصوصی سماعت کے دوران، امریکہ میں قائم کشمیر ہیومن رائٹس فاﺅنڈیشن کے ارکان نے کانگریس سے رابطہ کار کے طور پر کام کیا فاﺅنڈیشن کے سربراہ اور کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والے ڈیمو کریٹ رہنما ڈاکٹر آصف محمود نے بتایا کہ انہوں نے کشمیر کی صورت حال پر اپ ڈیٹ حاصل کر لی ہیں.دوسری جانب امریکی رکن کانگریس ابی گیل اسپینبرگر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بچےاور خواتین گھروں میں بند ہیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال سے ایوان کو آگاہ کیا جائے گا.

امریکی رکن کانگریس ابی گیل اسپینبرگر نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اظہارتشویش کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی صورتحال سے ایوان کو آگاہ کیا جائے گا. امریکی رکن کانگریس نے کہا کہ بھارت نے دستاویزات کا بہانہ بنا کر سینیٹرکرسٹوفرکو کشمیر جانے نہیں دیا امریکی سینیٹر کے ساتھ بھارتی رویے پر ارکان کانگریس کو تشویش ہے. امریکی رکن کانگریس ابی گیل اسپینبرگر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بچےاور خواتین گھروں میں بند ہیںخیال رہے کہ حال ہی میں امریکی سینیٹرکرس وان ہولین نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیرمیں کرفیو ہٹا کر انسانی حقو ق کے نمائندے بھیجے جائیں.

کرس وان ہولین کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کی حکومت کی جانب سے وادی میں کرفیو اور مواصلات کا نظام معطل ہوئے تیسرا مہینہ شروع ہوگیا‘ امریکی سینیٹر کا کہنا تھا کہ وہ خود مقبوضہ کشمیر جا کر زمینی حقائق کا جائزہ لینا چاہتے تھے‘یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے نئی دہلی جانے والے امریکی سینیٹر کو وادی کا دورہ کرنے سے روک دیا تھا.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات