ناردرن نے بلوچستان کو 7وکٹوں سے شکست دیکر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی

شاداب خان کی عمدہ باوٴلنگ، 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اوپنر علی عمران اور وکٹ کیپر روحیل نذیر کی نصف سنچریاں

بدھ 23 اکتوبر 2019 12:17

ناردرن نے بلوچستان کو 7وکٹوں سے شکست دیکر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن ..
لاہور، (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2019ء) اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں منگل کے روز کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں ناردرن نے بلوچستان کو7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ناردرن کی جانب سے لیگ اسپنر شاداب خان نے 4 شکار کیے۔ علی عمران اور روحیل نذیر کی نصف سنچریوں نے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اس سے قبل ناردرن کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ناردرن کی مضبوط باوٴلنگ لائن اپ کے سامنے حسین طلعت کے علاوہ بلوچستان کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔لیگ اسپنر شاداب خان کی گھومتی گیندوں نے حریف بلے بازوں کو رنز بنانے کا موقع نہ دیا۔ بلوچستان کے 5 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔

(جاری ہے)

محض 97 رنز پربلوچستان کے 7 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔آٹھویں وکٹ کی شراکت کے لیے حسین طلعت اور عمر گل کے درمیان 44 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔

حسین طلعت نے 51 گیندوں پر 9 چوکوں ا ور 2 چھکوں کی مدد سیناقابل شکست 77 رنز بنائے۔ عمر گل 13 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ بلوچستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔ ناردرن کی جانب سے شاداب خان نے 26 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ تجربہ کار میڈیم پیسر سہیل تنویر اور فاسٹ باوٴلر محمد عامر نے2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ 

156 رنز پر مشتمل ہدف کے تعاقب میں ناردرن کی جانب سے اننگز کا آغاز بھی متاثر کن نہ رہا اور صرف 18 رنز پر 2 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے، جس کے بعد اوپنر علی عمران اور وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

د ونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 105 رنز جوڑے۔علی عمران نے 37 گیندوں پر 65 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ روحیل نذیر نے ناقابل شکست 56 رنز بنائے۔ناردرن نے مطلوبہ ہدف17اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔بلوچستان کی جانب سے عاکف جاوید اور عمر گل نے 1،1 کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔
ایونٹ میں سیمی فائنل میچز بدھ کے روز کھیلے جائیں گیجہاں پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان ناردرن کی ٹیم خیبرپختونخوا کے مدمقابل آئے گی۔بلوچستان اور سدرن پنجاب کے درمیان دوسرا سیمی فائنل بھی 23 اکتوبر کو ہی کھیلا جائے گا۔ دونوں میچز اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے۔