چین کا ویزا فری ٹرانزٹ پالیسی کا دائرہ 27 بندرگاہوں تک بڑھانے کا فیصلہ

بدھ 23 اکتوبر 2019 13:31

چین کا ویزا فری ٹرانزٹ پالیسی کا دائرہ 27 بندرگاہوں تک بڑھانے کا فیصلہ
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) چین نے یکم دسمبر سے اپنی ان سرحدی بندرگاہوں کی تعداد 27 تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے جہاں بین الاقوامی مسافروں کو چین میں بغیر ویزا 144گھنٹے کے قیام کی اجازت ہو گی۔

(جاری ہے)

چینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ سہولت جنوب مغربی چین کی بلدیہ چونکنگ ، شمال مغربی صوبہ شانسی کے دارالحکومت ژیان اور مشرقی صوبہ ژجیانگ کی ننگبو بندرگاہوں پر حاصل ہو گی۔

اس فہرست میں بیجنگ، تیانجن، شنگھائی، ہانگجو، چنگ ڈاؤ، ووہان اورگوانگزو جیسے بڑے شہر بھی شامل ہیں۔ دریں اثنا ، چانگشا ، گیلن اور ہاربن کی تین سرحدی بندرگاہوں پر بھی 72 گھنٹے ویزا فری ٹرانزٹ پالیسی کی سہولت دیدی گئی ہے۔ اسٹیٹ کونسل کی منظور شدہ ویزا فری ٹرانزٹ پالیسی کا اطلاق آسٹریا ، جمہوریہ چیک، ڈنمارک، فرانس، جرمنی، روس، امریکہ، برازیل، جاپان اور قطر سمیت 53 ممالک کے شہریوں پر ہو گا۔