نجکاری کے عمل میں غیر ضروری تاخیر کے خاتمہ کیلئے اقدامات ضروری ہیں،

اداروں کو مصنوعی طور پر زندہ رکھنے کے لئے حکومت کے وسائل ضائع ہوتے ہیں جو عوام کی فلاح پر لگائے جا سکتے ہیں، میاں زاہد حسین

بدھ 23 اکتوبر 2019 14:33

نجکاری کے عمل میں غیر ضروری تاخیر کے خاتمہ کیلئے اقدامات ضروری ہیں،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ نجکاری کے عمل میں غیر ضروری تاخیر کے خاتمہ کیلئے اقدامات ضروری ہیں ۔ بدھ کویہاں جاری بیان کے مطابق بز نس کمیونٹی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جو ادارے کھربوں روپے ڈبونے کے باوجوداپنے پیروں پر کھڑے نہیں ہو سکتے ان سے جان چھڑانا ہی ملکی مفاد میں ہے کیونکہ انھیں مصنوعی طور پر زندہ رکھنے کے لئے حکومت کو ضروری وسائل ضائع کرنا پڑتے ہیں جو عوام کی فلاح پر لگائے جا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سٹیل ملز کی فروخت میں بھی بہت تاخیر ہو چکی ہے۔اس ادارے کی فروخت کے لئے ابھی تک فنانشل ایڈوائیزر نہیں رکھا گیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ایران اور افغانستان سے سکریپ سمگل کرنے والی با اثر مافیااسٹیل صورتحال کو جوںکا توں رکھنا چاہتی ہے۔یہ مافیا اس اہم شعبہ میں ڈاکومینٹیشن کے بھی خلاف ہے جسکی وجہ سے مسائل جنم لے رہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ایران اور افغانستان سے آنے والے اسکریپ پر ڈیوٹی میں اضافہ یا زمینی راستے سے اسکی تجارت بند کر کے سمندری راستہ استعمال کرنے کے فیصلے پر غور کیا جا سکتا ہے جس سے مقامی صنعت کو ریلیف ملے گا۔