Live Updates

کرتارپور راہداری‘ پاک بھارت معاہدے کیلئے تاریخ پر اتفاق

دونوں ممالک کے درمیان متفقہ معاہدے پر دستخط کل ہونے کا امکان

بدھ 23 اکتوبر 2019 14:40

کرتارپور راہداری‘ پاک بھارت معاہدے کیلئے تاریخ پر اتفاق
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) سکھ مذہبی رہنما باباگرونانک کے 550ویں جنم دن پر کرتارپور راہداری کھولنے کے لیے پاکستان اور بھارت میں معاہدے پر دستخط کیلئے تاریخ پر اتفاق ہوگیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان متفقہ معاہدے پر دستخط کل بروز ( جمعرات ) کو ہونے کا امکان ہے۔بھارت نے معاہدے پر دستخط کیلئے 23 اکتوبر کی تاریخ تجویز کی تھی لیکن پاکستان نے ایک دن بعد 24 کا کہا جس پر اتفاق ہو گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دستخط کی تقریب کرتارپور زیرو پوائنٹ پر ہوگی۔ پاکستان اور بھارت کے مقرر کردہ فوکل پرسنز معاہدے پر دستخط کریں گے۔پاکستان کی طرف سے دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل دستخط کریں گے۔

(جاری ہے)

ڈیرہ بابا نانک راہداری کے حوالے سے پہلی بار 1998 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان مشاورت کی گئی تھی اور اب 21 برس بعد 9 نومبر کو کھولے جانے کا امکان ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے 28 نومبر 2018 کو کرتارپور راہداری کے کام کا افتتاح کیا تھا جو 90 فیصد سے زیادہ مکمل کرلیا گیا ہے۔کرتار پور راہداری 3.8 کلومیٹر پر محیط ہے۔ ڈھائی کلومیٹر راہداری پاکستان کی طرف اور 1.3 کلومیٹر بھارت کی جانب تعمیر کی گئی ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان اس منصوبے کے لیے مذاکرات کے تین دور ہو چکے ہیں تاہم کچھ نکات پر اتفاق ہونا ابھی باقی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات