پاکستان آزادانہ سرمایہ کاری پالیسی پر عمل پیرا ہے،

جاپانی کمپنیاں پاکستان معیشت کے مختلف شعبوں میں دستیاب منافع بخش مواقع سے استفادہ کریں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کاجاپان پاکستان بزنس کمیٹی کے ظہرانے سے خطاب

بدھ 23 اکتوبر 2019 15:08

پاکستان آزادانہ سرمایہ کاری پالیسی پر عمل پیرا ہے،
ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان آزادانہ سرمایہ کاری پالیسی پر عمل پیرا ہے اور سرمایہ کاری کے سازگار ماحول اور بہترین مواقع فراہم کرتا ہے، جاپانی کمپنیاں پاکستان معیشت کے مختلف شعبوں میںدستیاب منافع بخش مواقع سے استفادہ کریں۔ وہ ٹوکیو میں جاپان پاکستان بزنس کمیٹی کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر جاپان پاکستان بزنس کوآپریشن کمیٹی کے وفد میں میروبینی کارپویشن، ٹویوٹا موٹرز، سوزوکی موٹز، متسوبشی، سومی ٹومو ، یونیورسا آئی میٹلز اور مٹسوئی سمیت معروف جاپانی بزنس کارپوریشنز کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ صدر مملکت نے معاشی مسائل پر قابو پانے کے لئے کی جانے والی حکومت کوششوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان آزادانہ سرمایہ کاری پالیسی پر عمل پیرا ہے اور سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔

جاپانی کمپنیاں پاکستان معیشت کے مختلف شعبوں میںدستیاب منافع بخش مواقع سے استفادہ کریں۔ صدر مملکت نے جاپان کے پاکستان کے بڑے ترقیاتی شراکت دار کے طورپر کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان معیشت کے تمام شعبوں میں جاپانی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی کمپنیاں پاکستان کی بڑی مارکیٹ کے ساتھ ساتھ وسیع تر علاقائی کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کریں۔

اس موقع پر توانائی، فوڈ پراسیسنگ، ماہی گیری، آٹوموبائل اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔ جاپانی کاروباری رہنمائوں نے پاکستان کی اقتصادی بہتری کا اعتراف کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو مزید بڑھانے کے لئے عملی اقدامات کی خواہش ظاہر کی۔ قبل ازیں صدر مملکت نے این ای سی کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں کمپنی کی جانب سے تیار کی جانے والی جدید ٹیکنالوجیز اور مستقبل میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کے بارے میں انہیں آگاہ کیا گیا۔