سرفراز کو ورلڈ کپ تک ٹی ٹونٹی کپتان مقرر کیا جائے:عاقب جاوید کا مطالبہ

مجھے لگتا ہے جلد مصباح کے ساتھ سرفراز والا معاملہ ہوگا:ڈائریکٹر لاہور قلندرز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 23 اکتوبر 2019 15:06

سرفراز کو ورلڈ کپ تک ٹی ٹونٹی کپتان مقرر کیا جائے:عاقب جاوید کا مطالبہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر2019ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی پالیسیاں سمجھ سے باہر ہیں ، سمجھ نہیں آرہا کہ وہ کرنا کیا چاہتے ہیں کیونکہ ایک سیریز میں شائقین کرکٹ اور میڈیا کی جانب سے تنقید ہونے پر بورڈ نے اپنے ہی کیے ہوئے فیصلوں کو تبدیل کر دیا، پہلے سرفراز احمد پر اعتماد کا اظہا ر کرکے انہیں تینوں فارمیٹ کا کپتان مقرر کیا جاتا ہے لیکن سیریز کی تنقید پر سب کچھ تبدیل کرد یا جاتاہے۔

ایک انٹر ویو کے دوران سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ بورڈ نے مصباح الحق کو بھی با اختیار کیا ہے لیکن ایک شخص کو بہت زیادہ اختیارات دیں گے تو پھر جب بہت زیادہ تنقید ہو گی تو فیصلے اسی تیزی سے تبدیل ہوں گے،ان کے خیال میں مصباح الحق کے ساتھ جلد ہی سرفراز احمد والا معاملہ ہو گا۔

(جاری ہے)

عاقب جاوید نے سرفراز کو اگلے برس ورلڈ ٹی ٹونٹی تک پاکستان کا کپتان بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد نے پاکستان ٹی ٹونٹی ٹیم کو ورلڈ نمبر ون ٹیم بنایا ، اس کے علاوہ سرفراز احمد سے کیا توقع کیا جا سکتی ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ ہمارے ہا س سب یہ سمجھتے ہیں کہ آسٹریلیا میں بیٹسمینوں کو مشکل پیش آتی ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ باﺅلروں کو وہاں کی کنڈیشنز کی وجہ سے زیادہ مشکل پیش آتی ہے ،سب نے محمد آصف کا آسٹریلیا میں حشر دیکھا ہوا ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو دنیا ہوم سیریز میں موقع دیتی ہے اورپاکستان میں سیدھا آسٹریلیا لے جایا جا رہا ہے۔