Live Updates

زرعی ایمر جنسی پروگرام کے تحت فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ، اصلاح آبپاشی اور نہری پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے 300 ارب روپے کے میگا پراجیکٹس پر عملدر آمد کا آغاز

بدھ 23 اکتوبر 2019 15:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق وزیرا علیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت پنجاب نے زرعی ایمر جنسی پروگرام کے تحت رواں مالی سال 2019-20ء کے دوران گندم ، دھان ، تیلدار اجناس ، گنے کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ، اصلاح آبپاشی اور نہری پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے 300ارب روپے کے میگا پراجیکٹس پر عملدر آمد کا آغاز کر دیا ہے جبکہ مختلف غذائی اجناس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کی غرض سے واضح اہداف بھی مقرر کر دیئے گئے ہیں جن کی ہر حال میں تکمیل یقینی بنائی جائے گی اور اس ضمن میں جہاں کاشتکاروں کو معیاری و سستے بیجوں و کھادوں اور زرعی ادویات کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا وہیں نہری پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے 46ارب روپے کی لاگت سے آبپاش کھالوں کی اصلاح و پختگی کے منصوبے بھی پایہ تکمیل کو پہنچائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ پنجاب کے رواں سال 2019-20 ء کے بجٹ میں زراعت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے 40ارب76کروڑ سے زائد رقم رکھی گئی ہے جس کے علاوہ کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی اور مختلف فصلوں کے بیجوں اور کھاد وں پر سبسڈی مہیا کی جارہی ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ کسانوں کو سبسڈی کی براہ راست اور شفاف فراہمی کیلئے کسان دوست کارڈ کا اجراء بھی بلا شبہ موجودہ حکومت کا اہم اقدام ہے جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے پہلی بار اہم فصلات کے بیمہ پروگرام کا آغاز بھی کیا گیا ہے جس کا دائرہ کار اب پنجاب کے 18اضلاع تک بڑھا دیا گیا ہے تاکہ قدرتی آفات کے باعث کاشتکاروں کے نقصان کا ازالہ کیا جاسکے۔

انہوںنے بتایاکہ صوبہ پنجاب میں ڈیمانڈڈریون ریسرچ اور مشینی زراعت کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ زرعی منڈیوں کے نظام میں بہتری کیلئے پنجاب ایگریکلچرمارکیٹنگ ریگولیٹری ایکٹ کا نفاذ کردیا گیا ہے جس سے ہول سیل مارکیٹنگ اور پرائیویٹ سیکٹر کو کاروبار کیلئے نئی راہیں ملیں گی۔انہوںنے بتایاکہ یہ نیا قانون کسانوں کیلئے بہترین تجارتی منڈیوں کی سہولت کے ساتھ ان کو پیداوار کا معقول معاوضہ دلانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات