مولانا فضل الرحمن کیخلاف فوجداری مقدمہ کے اندراج کیلئے دائر درخواست پر وفاقی سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری

بدھ 23 اکتوبر 2019 15:42

مولانا فضل الرحمن کیخلاف فوجداری مقدمہ کے اندراج کیلئے دائر درخواست ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) لاہورہائیکورٹ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے خلاف فوجداری مقدمہ کے اندراج کے لیے دائر درخواست پر وفاقی سیکرٹری داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29 اکتوبر کو جواب طلب کر لیا جبکہ عدالت نے اس نوعیت کی تمام درخواستیں یکجا کرنے کی بھی ہدایت کر دی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے محمد کاشف کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ مولانا فضل الرحمن حکومت گرانے کے لیے اسلام آباد میں دھرنا دے رہے ہیں ۔ مولانا فضل الرحمان نیعوام کو خانہ جنگی کی دعوت دے کر سنگین جرم کا ارتکاب کیا ہے ۔انہوں نے افواج پاکستان کی موجودگی میں متوازی فوج بنا لی ہے۔ ایسا کرنا آرٹیکل123 اور نیشنل ایکشن پلان سے متصادم ہے۔مولانافضل الرحمان کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لیے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو 14 اکتوبر کو درخواست دی لیکن اس پر فیصلہ نہیں کیا جارہا۔استدعا ہے کہ عدالت وفاقی سیکرٹری داخلہ کو درخواست پر فوری فیصلہ اورمولانافضل الرحمان کے غیر قانونی اقدامات پر انکے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا حکم دے ۔