اداروں کے خلاف تقریر، اسلام آباد ہائی کورٹ نے مولانا فضل الرحمن کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی

بدھ 23 اکتوبر 2019 15:52

اداروں کے خلاف تقریر، اسلام آباد ہائی کورٹ نے مولانا فضل الرحمن کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اداروں کے خلاف تقریر کرنے پرمولانا فضل الرحمن کے خلاف کارروائی کے لئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی ہے۔بدھ کو عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزار شاہ جہان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی ۔دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمن پر اداروں کے خلاف تقریر کی وجہ پابندی لگائی جائے ۔

(جاری ہے)

فاضل چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ایسی باتوں سے کسی کو کیسے فرق پڑسکتا ہے، ہمارے بارے میں بھی بہت کچھ کہاجاتا ہے،عدالت کو یہ بتائیں کی کسی کو کیوں روکنا چاہیے، ملک میں اظہار رائے کی آزادی ہونی چاہے، اسلامی تاریخ کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ امام ابوحنیفہ اپنے شاگردوں کے ساتھ اظہار اختلاف کرتے تھے، آج کی گلوبل ورلڈ میں سوشل میڈیا کا دور ہے آپ کس کس کو روکیں گے، ہمارے اپنے کردار ایسے ہونے چاہیے کہ کوئی ہمارے بارے میں ایسی بات نہ کرے۔عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔