پاکستان سٹڈی سنٹرجامعہ پشاور میں تقریب تقسیم توصیفی اسنادکا انعقاد

بدھ 23 اکتوبر 2019 16:00

پشاور۔23اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام’’سٹوڈنٹ والنٹیئر پروگرام‘‘ کے تحت گذشتہ روز پاکستان سٹڈی سنٹر، یونیورسٹی آف پشاور میں 18 طالبات میں توصیفی اسناد کی تقسیم کے حوالہ سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن نگہت صدیق اور صوبائی الیکشن کمشنر، خیبر پختونخوا پیر مقبول احمد نے طالبات میں اسناد تقسیم کئے۔

تقریب میں پاکستان سٹڈی سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فخرالاسلام ، الیکشن کمیشن کیلئے فوکل پرسن ڈاکٹر خان فقیر ، جملہ فیکلٹی ممبران، طلبہ و طالبات اور ڈائریکٹر جینڈر افئیرز ہارون خان شنواری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر نگہت صدیق، صوبائی الیکشن کمشنرخیبر پختونخوا، ڈائریکٹر پاک سٹڈی سنٹر ، ڈاکٹر فخرالسلام، ڈاکٹر خان فقیر اور ڈائریکٹر جینڈر افیئرز ہارون خان شنواری نے خطاب کرتے ہوئے رجا کاروں پر زور دیا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں خواتین سمیت تمام محروم طبقات کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کیلئے عوام میں آگاہی کے حوالہ سے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

ووٹرز آگاہی مہم کے سلسلے میں پشاور کے مختلف جامعات، کالجوں اور دیگر اعلی تعلیمی اداروں کی450 سے زائد طلبہ و طالبات بطوررضا کار کام کرینگے اور ان میں مرحلہ وار توصیفی اسناد تقسیم کئے جارہے ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا پیر مقبول احمد نے ڈائریکٹر سٹڈی سنٹر ڈاکٹر فخرالاسلام کو الیکشن کمیشن کی فوکل پرسن خان فقیر کو ان کی گرانقدر خدمات پر خصوصی سرٹیفیکیٹ دیا۔ ہارون خان شینواری نے اعلان کیا کہ سنٹر کے طلبہ و طالبات کی الیکشن امور میں بڑھتی دلچسپی کو مد نظر رکھ کر جلد ہی آگاہی سیشن منعقد کیا جائیگا۔