کنٹرول لائن پر غیر ملکی سفیروں اور عالمی میڈیا کا دورے نے ہندوستان کو بے نقاب کردیا ہے‘محمد جاوید

7میں بھارت نے 2068بار ایل او سی کی خلاف ورزی کی اور44شہریوں کو شہید کیا ہے‘امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب

بدھ 23 اکتوبر 2019 16:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب وصدر ملی یکجہتی کونسل وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ عالمی برادری کی جانب سے کشمیر کی صورتحال پر اظہار تشویش اور مذمت کافی نہیں۔ ہندوستان نے 80دنوں سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگا کر ثابت کردیا ہے کہ مودی ہٹلر سے بھی بڑھ کر ظالم انسان ہیں ، جسے دنیا کی مذمت اور عالمی اداروں کی کوئی پروانہیں۔

کنٹرول لائن پر غیر ملکی میڈیا ور سفیروں کا دورہ ہندوستان کے جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز منصورہ میںاہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ یہ دو ایٹمی ملکوں کے درمیان تصفیہ طلب مسئلہ ہے،جسے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق ہی ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

بھارتی بیانیے کو شکست دینے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت پاکستان کشمیر کے حوالے سے پالیسی کو ٹھوس بنیادوں پر استوار کرے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی لچک نہ دکھائی جائے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کردی ہے ۔ڈھائی ماہ سے جاری کرفیو نے انسانی المیے کو جنم دے دیا ہے۔ حکومت پاکستان اور عالمی برادری کو زبانی کلامی اقدامات کی بجائے عملی اقدامات اٹھانے چاہییں۔

انھوں نے کہا کہ ہمارا یہ المیہ رہا ہے کہ پاکستان پر اس وقت کو حکمران مسلط ہیں وہ ہر محاذ پر بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ نہ ان کا معاشی وژن ہے اور نہ ہی ان کی بیرونی دنیا کے سامنے کوئی کریبلٹی ہے، جس کا نقصان ملک و قوم کو ہورہا ہے۔ اگر بھارت کے بڑھتے قدموں کو نہ روکا گیا تووہ آزاد کشمیر پر بھی حملہ کرسکتا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ بھارتی حکمرانوں کی جانب سے آبی جارحیت کا بھی خدشہ ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ بروقت اقدامات کرے۔ 2019میں بھارتی فورسز 2068کنٹرول کی خلاف ورزی کی ہے، جس میں 44شہری شہید اور 230زخمی ہوئے ہیں۔