Live Updates

وزیراعظم نے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی

نواز شریف پاکستان میں جہاں چاہیں،وہاں بہترین علاج کروایا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کی وزیراعلیٰ پنجاب کو نواز شریف کی فیملی سے رابطہ کرنے کی ہدایت، جلد صحیت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 23 اکتوبر 2019 16:06

وزیراعظم نے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر 2019ء) : وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے پنجاب حکومت سے رابطہ کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو نواز شریف کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدیت کی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے نواز شریف پاکستان میں جہاں چاہیں،وہاں علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو نواز شریف کی فیملی سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

(جاری ہے)

سردار عثمان بزدار نے سروسز اسپتال کی انتظامیہ کو نواز شریف کو بہترین علاج معالجہ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاج کے حوالے سے سابق وزیر اعظم کے ذاتی معالج سے بھی مشاورت کی جائے۔

وزیر اعلی نے امید ظاہر کی کہ نوازشریف کے ذاتی معالج بھی اس حوالے سے تعاون کریں گے۔جب کہ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز کی سروسز ہسپتال میں زیر علاج اپنے والد محمد نواز شریف سے ملاقات کی خصوصی اجازت کیلئے محکمہ داخلہ کودرخواست ارسال کر دی گئی ۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطااللہ تارڑ کی جانب سے ارسال کی گئی درخواست میں کہا گیاہے کہ تین مرتبہ وزیر اعظم رہنے والے محمد نوازشریف خرابی صحت کی وجہ سے سروسز ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔مریم نواز کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں جہاں ان کو والد کی طبیعت بارے آگاہی ممکن نہیں ۔درخواست ہے کہ مریم نواز کو اپنے بیمار والد سے ملنے کی خصوصی اجازت دی جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات