سابق وزیراعظم نواز شریف کے مسوڑوں سے خون آنا شروع ہو گیا

نواز شریف کے جسم سے خون بہنا خطرے کی علامت ہے۔ اسپتال ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 23 اکتوبر 2019 16:28

سابق وزیراعظم نواز شریف کے مسوڑوں سے خون آنا شروع ہو گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر 2019ء) : سروسز اسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کے مسوڑوں سے خون آنا شروع ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسپتال ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کے مسوڑوں سے خون آنا شروع ہو گیا ہے۔ نواز شریف کے جسم سے خون بہنا خطرے کی علامت ہے۔ نواز شریف کے جسم میں پلیٹ لیٹس کی تعداد ابھی بھی کم ہی ہے۔ نواز شریف کے مسوڑوں سے خون آنے پر ڈاکٹرز ان کا معائنہ کر رہے ہیں۔

مسوڑوں سے خون پلیٹ لیٹس کم ہونے کے باعث آیا۔ مسوڑوں سے خون آنے کے بعد دوبارہ ٹیسٹ کیا گیا ہے البتہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تازہ رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اس وقت سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کے علاج کے لیے ایک باقاعدہ میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف کو آج کے دن میں دو مرتبہ پلیٹ لیٹس کا ٹیسٹ کیا گیا جس کے بعد ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے جسم میں پلیٹ لیٹس کی تعداد اب زیادہ ہو رہی ہے جس سے ان کی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل طبیعت خراب ہونے پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو نیب لاہور آفس سے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ تاحال زیر علاج ہیں۔ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد خطرناک حد تک گرنے کی وجہ سے ان کی صحت کو لے کر ڈاکٹرز کو بھی تشویش تھی۔ جس کے بعد نواز شریف کو دو میگا کٹ لگانے کے بعد ان کا دوبارہ سی بی سی ٹیسٹ کیا گیا تھا جس کی آج صبح آنے والی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے جسم میں پلیٹ لیٹس کی تعداد 24 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔

مسلم لیگ ن کے قائد کی حالت قدرے بہتر اور خطرے سے باہر بتائی گئی تھی۔ ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ تاحال ایسی بھی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ میاں نواز شریف کے جسم کے کسی بھی حصے سے کسی قسم کی بلیڈنگ ہوئی ہو۔ خیال رہے کہ سروسز اسپتال میں پرنسپل پروفیسر ایاز محمود کی سربراہی میں چھ رکنی میڈیکل بورڈ نواز شریف کا علاج کررہا ہے جس میں ڈاکٹر کامران خالد، ڈاکٹر عارف ندیم ، ڈاکٹر فائزہ بشیر، ڈاکٹر خدیجہ عرفان اور ڈاکٹر ثوبیہ قاضی شامل ہیں۔ میڈیکل بورڈ سینئر میڈیکل اسپیشلسٹ، گیسٹرو انٹرولوجسٹ، انیستھیزیا اسپیشلسٹ اور فزیشن پر مشتمل ہے۔