Live Updates

یوم تاسیس کا دن آزادی کشمیر کی جدوجہد میں بڑا اہم مقام رکھتا ہے ،علی امین گنڈاپور

عمران خان نے جنرل اسمبلی خطاب میں جس موثر انداز میں مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کیا ہے اسکی ماضی میں مثال نہیں ملتی،وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان آج ہم نے اپنے عزم کو ازسرنو تقویت دینی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے آخری حد تک جائیں ،پوری دُنیا میں بھارت کا بد نما چہرہ بے نقاب کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں،آزاد کشمیر کے یوم تاسیس کے موقع پر خصوصی پیغام

بدھ 23 اکتوبر 2019 16:56

یوم تاسیس کا دن آزادی کشمیر کی جدوجہد میں بڑا اہم مقام رکھتا ہے ،علی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے آزاد کشمیر کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن آزادی کشمیر کی جدوجہد میں بڑا اہم مقام رکھتا ہے اور یہ دن اس عہد تجدید کا بھی دن ہے کہ ہم نے اپنی جدوجہد اور کوششوں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت اور آزادی کی نعمت سے ہمکنار کروانا ہے۔

انہوںنے کہاکہ آج ہم نے اپنے عزم کو ازسرنو تقویت دینی ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلوانے کے لیے آخری حد تک جائیں اور پوری دُنیا میں بھارت کا بد نما چہرہ بے نقاب کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے حالیہ کرفیو کے نفاذ سمیت پرتشدد کاروائیاں ہم سے اس امر کا اور بھی تقاضا کرتے ہیں کہ ہم اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہماری حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہے اور آج عالمی دُنیا مسئلہ کشمیرکو انسانی حقوق کی شدید ترپامالی اور علاقائی و عالمی امن کے حوالے سے اس کی حساسیت کو اچھی طرح سمجھنا شروع ہو گئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ جس موثر انداز سے عمران خان نے جنرل اسمبلی کے خطاب میں اس مسئلے کو اُجاگر کیا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی متحرک اور موثر سفارت کاری کے باعث مسئلہ کشمیر آج دُنیا کے ہر فور م پر زیر بحث ہے اور عالمی دُنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورت حال پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کررہی ہے ۔علی امین خان گنڈا پور نے کہا کہ آج عالمی رائے عامہ کشمیریوں کے حق میں تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور اسی رائے عامہ کے باعث ذاتی مفادات پر انسانی حقوق کے احترام کے لیے اہم ممالک پر دبائو میںخاطر خواہ اضافہ ہور ہا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ بہتر حکمت عملی سے پاکستان کو نہ صرف سفارتی محاذ پر کامیابی حاصل ہو رہی ہے بلکہ فوجی محاذپر بھی کامیابیاں عوام کے سامنے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان بھار ت کی ہر قسم کی جارحیت اورمنفی پروپیگنڈے کا بڑے موثر انداز سے مقابلہ کر رہا ہے اور ایل او سی پر بھارت کے حالیہ پروپیگنڈے کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے انہوںنے کہاکہ یہ کشمیریوں کی قربانیوں اور پاکستان کی کوششوں کا ہی نتیجہ ہے کہ آج دُنیا مودی کی ہندو انتہا پسند حکومت اورآر ایس ایس کے گٹھ جوڑ کو دُنیا کے امن کے لیے بھی خطرہ تسلیم کرنا شروع ہو گئی ہے۔

انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم نے اسی جوش و جذبہ سے کشمیریوں کے حقوق کی آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھنا ہے تا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کاحق خوداردیت دلوایا جا سکے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات