بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم کی آمد ، ایل جی ایچ کی طرف سے قذافی سٹیڈیم میں عارضی ہسپتال قائم

، کھلاڑیوں اور شائقین کو طبی امداد کیلئے ڈاکٹروں و سٹاف کی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں ‘پرنسپل الفرید ظفر

بدھ 23 اکتوبر 2019 17:31

بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم کی آمد ، ایل جی ایچ کی طرف سے قذافی سٹیڈیم میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) بنگلہ دیش کی ویمن کرکٹ ٹیم اور پاکستان کے مابین میچز کے دوران قذافی سٹیڈیم میں لاہور جنرل ہسپتال کی طرف سے کھلاڑیوں اور شائقین کیلئی10 بستروں پر مشتمل عارضی ہسپتال قائم کر دیا گیاجو 5نومبر تک فنکشنل رکھا جائے گااور کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے یہاں ضروری طبی سہولتیں موجود ہوں گی ۔

اس امر کا اظہار پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرکی زیرصدارت منعقد ہونے والے جائزہ اجلاس میں کیا گیا ۔ ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قذافی سٹیڈیم میں اس عارضی ہسپتال میں ایمرجنسی سروسز کے علاوہ آپریشن تھیٹر ، بلڈ بینک اور میڈیکل کے دیگر شعبوں کا بھی بندوبست کیا گیا ہے اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ایل جی ایچ ڈاکٹر رانا محمد شفیق کو اس امر کیلئے فوکل پرسن بھی نامزد کر دیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹروں ،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں تاکہ وہاں کسی کو بھی فرسٹ ایڈ یا میڈیکل سروسز بہم پہنچائی جا سکیں ۔

(جاری ہے)

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ویمن کرکٹ ٹیم کی پاکستان اور لاہور آمد انتہائی خوش آئند امر ہے ۔انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ لاہور جنرل ہسپتال کو ہمیشہ یہ اعزاز حاصل رہا ہے کہ عالمی میچز کے موقع پر قذافی سٹیڈیم میں عارضی ہسپتال قائم کرنے کیلئے اس ادارے نے اپنی خدمات پیش کی ہیں اور اب بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم کے موقع پر بھی جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹاف اس عارضی ہسپتال میں موجود ہوں گے ۔

پرنسپل نے بتایا کہ ہسپتال کی طرف سے نامزد فوکل پرسن ضلعی انتظامیہ اور سپورٹس حکام سے بھی رابطے میں ہوں گے اور انشاء اللہ تمام کرکٹ میچز کے دوران کھلاڑیوں اور شائقین کو مکمل میڈیکل سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی جبکہ ادویات کی وافر مقدار بھی اس عارضی ہسپتال میں موجود ہوگی اور کسی قسم کی ناگہانی صورتحال میں جنرل ہسپتال کی طرف سے مکمل "بیک اپ" بھی فراہم کیا جائے گا۔