نریندر مودی لائن آف کنٹرول پر جعلی سرجیکل سٹرائیک کے ڈرامے کر کے ہالی ووڈ ایکٹر بننے کی کوشش کر رہا ہے، سینیٹر رحمن ملک

بدھ 23 اکتوبر 2019 20:16

نریندر مودی لائن آف کنٹرول پر جعلی سرجیکل سٹرائیک کے ڈرامے کر کے ہالی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی لائن آف کنٹرول پر جعلی سرجیکل سٹرائیک کے ڈرامے کر کے ہالی ووڈ ایکٹر بننے کی کوشش کر رہا ہے، بھارتی وزیراعظم نے انتخابات جیتنے کے لئے بھی ایسے ہی ڈرامے کئے تھے۔ بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے پاکستان پر الزام لگانے کے لئے پلوامہ حملے کا ڈرامہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارتی وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ وہ حقیقی سٹیٹس مین بنیں اور جعلی سرجیکل سٹرائیک جیسے ڈرامے نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے سیکولر انڈیا کو ایک انتہا پسند ریاست میں تبدیل کر دیا ہے، وہ بھارتی دہشت گرد تنظیم آر ایس ایس کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بھارت کی اپوزیشن جماعتوں سے درخواست کی کہ وہ بھارت کو انتہا پسند ریاست بنانے کے مودی کے ایجنڈے کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ سینیٹر اے رحمن ملک نے کہا کہ وہ آر ایس ایس اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے پاکستان کے خلاف عزائم کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔