نیب ہیڈ کوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی میں مزید بہتری کیلئے جامع نظام وضع کیا گیا ہے،چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال

بدھ 23 اکتوبر 2019 20:16

نیب ہیڈ کوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی میں مزید بہتری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ہیڈ کوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی میں مزید بہتری کیلئے جامع معیاری مقداری نظام وضع کیا گیا ہے، نیب ہیڈ کوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی کا سالانہ اور ششماہی بنیادوں پر معیاری مقداری نظام کے تحت جائزہ لیا جاتا ہے، باقاعدہ مانیٹرنگ اور انسپکشن کے باعث نیب کی کارکردگی میں روز بروز بہتری آ رہی ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے دورہ کراچی کے دوران نیب بیورو کراچی کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی بریگیڈیئر (ر) فاروق نصیر اعوان نے چیئرمین نیب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 11 اکتوبر 2018ء سے لے کر آج تک نیب کراچی کی کارکردگی شاندار رہی ہے، نیب کراچی نے ڈاکٹر عاصم، شرجیل میمن، سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور کامران مائیکل کے خلاف بدعنوانی کے ریفرنس دائر کئے ہیں جو کہ قانون کے مطابق متعلقہ احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ نیب کراچی نے 2018-19ء کے دوران 9887 درخواستیں وصول کیں، 346 شکایات اور 208 انکوائریوں کو نمٹایا گیا۔ اس عرصہ کے دوران 93 انویسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی جبکہ کراچی کی متعلقہ احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 65 ریفرنس دائر کئے گئے جبکہ بدعنوانی کے 28 ریفرنس متعلقہ احتساب عدالتوں میں دائر کرنے کیلئے چیئرمین نیب/نیب ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کراچی نے احتساب عدالت کراچی کی منظوری کے بعد پلی بارگین کے ذریعے 2017-18ء میں 729.669 ملین روپے، 2018-19ء میں 3423.222 ملین وصول کئے ہیں۔ نیب کراچی بیورو کی متعلقہ احتساب عدالتوں میں بدعنوان عناصر کو سزا کی شرح 84 فیصد ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب میں نئے اقدامات کے ذریعے اصلاحات کرکے ادارہ کو فعال بنا دیا گیا ہے، نیب کے مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کیلئے شکایت کی جانچ پڑتال انکوائری، انویسٹی گیشن اور متعلقہ احتساب عدالتوں میں مقدمات دائر کرنے کیلئے 10 ماہ کا عرصہ مقرر کیا گیا ہے، انویسٹی گیشن افسران کیلئے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر میں معیار اور یکسانیت کو یقینی بنایا گیا ہے، 10 سال کے طویل عرصہ کے بعد سینئر سپروائزری افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کیلئے ڈائریکٹر، ایڈیشنل ڈائریکٹر، انویسٹی گیشن آفیسر اور سینئر لیگل کونسل پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے جس سے نہ صرف نیب کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ کوئی بھی فرد نیب کی تحقیقات پر اثر انداز نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے پاکستان میں سی پیک منصوبوں کی نگرانی کیلئے چین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ نیب نے نوجوانوں کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ ملک بھر کے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں 50 ہزار سے زائد کردار سازی کی انجمنیں قائم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل، پلڈاٹ، مشال اور عالمی اقتصادی جیسے معتبر قومی اور بین الاقوامی اداروں نے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب کی کوششوں کو سراہا ہے۔ گیلانی اینڈ گیلپ سروے رپورٹ کے مطابق 59 فیصد لوگ نیب پر اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب ہیڈ کوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی میں مزید بہتری کیلئے جامع معیاری مقداری نظام وضع کیا گیا ہے۔

نیب ہیڈ کوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی کا سالانہ اور ششماہی بنیادوں پر معیاری مقداری نظام کے تحت جائزہ لیا جاتا ہے جو کہ کامیاب حکمت عملی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقاعدہ مانیٹرنگ اور انسپکشن کے باعث نیب کی کارکردگی میں روز بروز بہتری آ رہی ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی بریگیڈیئر (ر) فاروق نصیر اعوان کی قیادت میں نیب کراچی کی کارکردگی کو سراہا ہے۔