ناصر حسین ڈارکا محمد نواز شریف کی صحت بارے اطلاعات پر تشویش کا اظہار

سابق وزیراعظم کے علاج معالجہ کیلئے تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں،ملک میں سیاسی افہام و تفہیم ، یکجہتی کی فضا ء کے قیام کیلئے جملہ سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے،وزیر ٹرانسپورٹ آزاد کشمیر

بدھ 23 اکتوبر 2019 20:43

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) آزادکشمیر کے وزیر ٹرانسپورٹ ،وائلڈ لائف و فشریز ناصر حسین ڈار نے بدھ کے روز آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں سابق وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی صحت کے حوالہ سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قرارداد پیش کی۔ قرارداد کا مسودہ درج ذیل ہے۔ ’’آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ ایوان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی صحت کے حوالہ سے سامنے آنے والی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کرتا ہے کہ ان کے علاج معالجہ کے لیے ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

میاں محمد نواز شریف تین بار وزیر اعظم پاکستان رہ چکے ہیں اور پاکستان کے عوام میں مقبول رہنما کے طور پر پہچانے جاتے ہیں ان کی صحت کے حوالہ سے میڈیا کے ذریعہ سامنے آنے والی اطلاعات نہ صرف آزادکشمیر بلکہ اندرون و بیرون ملک مقیم کشمیری و پاکستانی عوام کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی شہری کی حیثیت سے ان کے بنیادی حقوق کا تقاضا ہے کہ انہیں بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہیے ۔

میاں محمد نواز شریف نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خدمات سرانجام دی ہیں۔ یہ ایوا ن حکومت پاکستان سے مطالبہ کر تا ہے کہ میاں محمد نواز شریف کو بنیادی طبعی سہولیات فراہم کیے جانے کی خاطر ہر ممکن اقدام اٹھائے جائیں۔ اس ایوان کی رائے میں پاکستان کو درپیش سنگین صورتحال کا تقاضا ہے کہ ملک کے اندر سیاسی افہام و تفہیم اور یکجہتی کی فضا ء قائم کرنے کے لیے جملہ سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے۔