پاکستان کو پولیو فری خطہ بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی،وزیر اعلیٰ کاپولیو کے مرض سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پرپیغام

بدھ 23 اکتوبر 2019 22:17

پاکستان کو پولیو فری خطہ بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی،وزیر ..
لاہور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پولیو کے مرض سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن پولیو کے خاتمے کیلئے زیادہ محنت کے ساتھ کام کرنے کیلئے عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے‘پولیو سے پاک پاکستان ہمارا مشن ہے اور ہم اپنے بچوں کو محفوظ اور صحت مند مستقبل دینے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کا ر لا رہے ہیں۔

پنجاب حکومت پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو تقویت دینے کیلئے بھر پورآگاہی مہم چلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے پنجاب کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے‘ وطن عزیز سے پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے‘ پاکستان کو پولیو فری خطہ بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بر وقت ویکسی نیشن کے ذریعے بچوں کو اس موذی مرض سے بچایا جا سکتا ہے‘ پولیو کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کا تسلسل معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے‘ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے مساجد، دینی مدارس،سکولوں اور متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا‘پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کیلئے محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کو بھر پور کردار ادا کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو کے مرض کے خاتمے کیلئے حکومتی کوششوں کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن معاشرے کے تمام طبقات کومل کر اس عزم کا اعادہ کرنا ہو گا کہ پاکستان کوپولیو فری بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔