سیاسی استحکام، رول آف لاء اور جمہوریت کے بغیر ترقی ممکن نہیں،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

بدھ 23 اکتوبر 2019 22:24

سیاسی استحکام، رول آف لاء اور جمہوریت کے بغیر ترقی ممکن نہیں،وزیر ..
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ جن ممالک میں جمہوریت کا تسلسل رہا ہے انہی ممالک نے ترقی کی ہی,سیاسی استحکام، رول آف لاء اور جمہوریت کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ گلگت بلتستان حکومت نے نوجوانوں کے فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ ہماری حکومت سے پہلے گلگت بلتستان کے نوجوان میرٹ کی پامالی، اقرباء پروری اور سفارشی کلچر کی وجہ سے مایوسی کا شکار رہے۔

مسلم لیگ (ن) کی صوبائی حکومت نے چار سالوں میں گڈ گورننس، میرٹ کی بالادستی اور رشوت کے کلچر کا خاتمہ کیا۔ تمام ملازمتیں میرٹ پر دی گئیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ ایف پی ایس سی کے تحت آفیسران کی بھرتیاں عمل میں لائی گئیں۔

(جاری ہے)

کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کیلئے بڑے پیمانے پر سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے۔

حکومت گلگت بلتستان نے محدود وسائل کے باوجود چار سالوں میں وزیر اعلیٰ بلاسود قرضوں کے تحت اخوت کے ذریعے تقریباً 3 ارب تک کے قرضے عوام میں تقسیم کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے ملک کی بڑی یونیورسٹیوں سے گلگت بلتستان کے دورے پر آئے ہوئے طالب علموں اور پروفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ گلگت بلتستان پہلا صوبہ ہے جس نے خصوصی افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا ہے۔

خصوصی افراد کو باعزت زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ گلگت بلتستان کے نوجوانوں نے دنیا بھر میں تعلیم اور کھیلوں کے میدان میں ملک کا نام روشن کیا۔ سابق وزیر اعظم نے گلگت بلتستان کے طالب علموں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے فیس ری امبرسمنٹ سکیم متعارف کرائی جس کے تحت مفت اعلیٰ تعلیم کا حصول ممکن بنایا گیا۔ ہونہار طالب علموں میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔