سپریم کورٹ نے اسلام آباد کے جوڈیشل افسران کے سروس رولز سے متعلق کیس کی سماعت چار ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی

بدھ 23 اکتوبر 2019 22:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) سپریم کورٹ نے اسلام آباد کے جوڈیشل افسران کے سروس رولز سے متعلق کیس کی سماعت چارہفتوں کیلئے ملتوی کرتے ہوئے توقع ظاہرکی ہے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ ممبران کمیٹی کے ساتھ مل کر اس معاملے کا جلد حل نکال لیں گے۔ بدھ کوجسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈپٹی اٹارنی جنرل سہیل محمود نے پیش ہو کر عدالت کو بتایا کہ اس معاملے پرکمیٹی کے اجلاسوں میں تجاویز تیار کر لی گئی ہیں جو جائزہ کیلئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھجوادی گئی ہیں۔ سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل افتخاگیلانی نے عدالت کوبتایاکہ تجاویز کے مطابق اسلام آباد کا جوڈیشل افسر ملک بھر میں ٹرانسفر ہو سکتا ہے جس سے افسران میں اضطراب پا یا جاتا ہے، ججز صاحبان پریشان ہیں اس لئے استدعا ہے کہ حکومت کو اس معاملے کا جلد حل نکالنے کی ہدایت کی جائے، جس پر جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ اس معاملے کے بارے میں اٹارنی جنرل نے کہا تھا کہ ججز کی روٹیشن رضا مندی سے کی جائے گی ، اس لئے ہمیں توقع ہے کہ اس معاملے کاجلد حل نکالا جائے گا،بعدازاں مزید سماعت ملتوی کردی گئی۔