سیکنڈ الیون نیشنل ٹی ٹونٹی کپ ، سدرن پنجاب اورناردرن کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں

ذیشان اشرف کی جارحانہ اننگز نے سدرن پنجاب کو 13 رنز سے کامیابی دلادی، ذیشان ملک کی نصف سنچری اور شہزاد اعظم کی آلراوٴنڈ کارکردگی نے ناردرن کو فتح دلادی

بدھ 23 اکتوبر 2019 19:27

سیکنڈ الیون نیشنل ٹی ٹونٹی کپ ، سدرن پنجاب اورناردرن کی ٹیمیں فائنل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2019ء) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری سیکنڈ الیون نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سدرن پنجاب نے سنٹرل پنجاب کو 13 رنز سیشکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ سنٹرل پنجاب کے کپتان علی وقاص نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاجو سودمندثابت نہ ہوا۔ 23 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد سدرن پنجاب کے اوپنر ذیشان اشرف اور مڈل آرڈر بلے باز زین عباس نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 128 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔ ذیشان اشرف نے 56 گیندوں پر 90 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ زین عباس نے 39 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔ سدرن پنجاب نے مقررہ 20 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

سنٹرل پنجاب کی جانب سے احسان عادل نے 3 اور اسد رضا نے 2وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سنٹرل پنجاب کی اننگز کا آغاز متاثر کن نہ رہا اور 57 رنز پر 3 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔

تجربہ کار بلے باز عثمان صلاح الدین نے سدرن پنجاب کے اسپنرز ذوالفقار بابر اور محمد عمران کی باوٴلنگ کے سامنے مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ بھی اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرسکے۔ عثمان صلاح الدین51 گیندوں پر 4چوکوں اور 1چھکیکی مدد سے 61 رنز بناکر ریٹائرڈ ہوگئے۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔ سدرن پنجاب کی جانب سے بائیں ہاتھ کے اسپنر ذوالفقار بابر نے 3 اور محمد عمران نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

90 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے پر سدرن پنجاب کے اوپنر ذیشان اشرف کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں ناردرن کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سندھ کو 3وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔سندھ کے اوپنر عماد عالم نے کریز سنبھالتے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 46 گیندوں پر 81 رنز کی اننگز کھیلی۔

عماد عالم کی اننگز میں 9 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے جبکہ مڈل آرڈر بیٹسمین رمیز عزیز نے 29 گیندوں پر برق رفتار 49 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 188 تک پہنچانے میں مدد دی۔سندھ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔ ناردرن کی جانب سے شہزاد اعظم نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں ناردرن کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 3 گیندیں قبل7وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

فاتح ٹیم کے اوپنرذیشان ملک نے6 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 58 نز کی اننگز کھیلی تاہم نویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے شہزاد اعظم کی برق رفتار اننگز نے ناردرن کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ شہزاد اعظم نے 10 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 32 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سندھ کی جانب سے حسان خان نے 3 اور حسن محسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں آلراوٴنڈ کارکردگی پر شہزاد اعظم کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
سدرن پنجاب اور ناردرن کے درمیان ایونٹ کا فائنل میچ 24 اکتوبر کونیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔