ہمارے خلاف الیکشن لڑنے اور وزارتیں لینے والے دھرتی کے غدار ہیں،بلاول بھٹو

اسلام کوٹ سے اٹھنے والی یہ آواز اسلام آباد جائے گی،ہم نے ابھی کراچی سے آغاز کیا ہے، یہ سلسلہ کشمیر تک جائے گا، پیپلز پارٹی کے جیالے جمہوریت کے خاطر شہید ہوئے،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی صوبے کے حقوق چھینے جا رہے ہیں، سندھ کا پانی بند کر کے صوبے کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے،مجھے آپ کا ساتھ چاہیے جس طرح شہید بی بی کا ساتھ دیا تھا، آپ میرے ساتھ ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت مجھے نہیں روک سکتی، ہم عوامی حکومت بنا کر رہیں گے،تھرپارکر میں جلسہ سے خطاب

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:29

ہمارے خلاف الیکشن لڑنے اور وزارتیں لینے والے دھرتی کے غدار ہیں،بلاول ..
تھرپارکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اسلام کوٹ سے اٹھنے والی یہ آواز اسلام آباد جائے گی، ہمارے خلاف الیکشن لڑنے والے اور وزارتیں لینے والے دھرتی کے غدار ہیں،ہم نے ابھی کراچی سے آغاز کیا ہے، یہ سلسلہ کشمیر تک جائے گا، پیپلز پارٹی کے جیالے جمہوریت کے خاطر شہید ہوئے۔

ضلع تھرپارکر میں اسلام کوٹ بائی پاس کے مقام پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کے خلاف احتجاج کا یہ سلسلہ کشمیر تک جائے گا، میں حکومت گرانے نکلا ہوں، ملک میں عوام کا معاشی قتل ہو رہا ہے۔پی پی چیئرمین نے کہا ہم نے ابھی کراچی سے آغاز کیا ہے، یہ سلسلہ کشمیر تک جائے گا، پیپلز پارٹی کے جیالے جمہوریت کے خاطر شہید ہوئے، آج جمہوریت خطرے میں ہے، انسانی حقوق پر حملے ہو رہے ہیں، روزگار نہ دے کر، مہنگائی اور تنخواہوں میں اضافہ نہ کر کے سفید پوش طبقے کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

بلاول نے کہا کہ صوبے کے حقوق چھینے جا رہے ہیں، سندھ کا پانی بند کر کے صوبے کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، ارسا سے آپ کی نمائندگی کم کر رہے ہیں، یہ آپ کا پانی چوری کرنا چاہتے ہیں، ہمارے مقابلے میں کٹھ پتلی سیاست دان الیکشن لڑتے ہیں، وزارت لیتے ہیں اور آپ کے حقوق کا سودا کرتے ہیں۔انھوں نے کہا مجھے آپ کا ساتھ چاہیے جس طرح شہید بی بی کا ساتھ دیا تھا، آپ میرے ساتھ ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت مجھے نہیں روک سکتی، ہم عوامی حکومت بنا کر رہیں گے، شہید بھٹو نے غریب عوام کی خدمت کا وعدہ کیا تھا، شہید محترمہ کے بیٹے نے بی بی کا وعدہ پورا کر دیا ہے، تھرپارکر میں 6 مہینے میں یونی ورسٹی کیمپس کا افتتاح کر رہا ہوں۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا ہمیں حکومت میں آنا پڑے گا، ہم عوام کی خدمت کرنا جانتے ہیں، وفاق سے حصہ چھین کر عوام کی خدمت کریں گے، میں آپ کابھائی ہوں، آپ کی خدمت کروں گا۔دریں اثنا، بلاول بھٹو زرداری نے سندھ پنجاب بارڈر پر احتجاج کرنے کا اعلان کیا اور کہا ہمارا اگلا احتجاج کندھ کوٹ میں ہوگا