بلدیہ عظمیٰ کراچی مالی مسائل اور فنڈز کی عدم فراہمی کے باوجود شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے دستیاب وسائل سے شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے کوششیں کر رہی ہے ، سید ارشد حسن

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2019ء) ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی مالی مسائل اور فنڈز کی عدم فراہمی کے باوجود شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے موجودہ بلدیاتی قیادت دستیاب وسائل سے شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے کوششیں کر رہی ہے ، اردو بازار، برنس روڈ ، ملحقہ علاقوں کے دکاندار اور علاقہ مکین سیوریج سسٹم کی خراب صورتحال کے باعث اذیت کا شکار ہیں، واٹر بورڈ کے عدم تعاون کے باعث کے ایم سی نے اپنے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے یہاں سیوریج کے نظام کو کسی حد تک ٹھیک کردیا ہے جس کے بعد اب یہاں سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی تعمیر کا کام شروع کردیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اردو بازار، برنس روڈ رابسن روڈ اور دیگر ملحقہ علاقوں کے طویل دورے اور جاری کاموں کا معائنہ کرنے کے بعد علاقے کے تاجروں اور مکینوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، یوسی۔

(جاری ہے)

27 کی چیئرپرسن عابدہ سلطانہ، علاقے کے بلدیاتی نمائندے، کراچی تاجر اتحاد کے رہنما عتیق میر اور ڈی جی ٹیکنیکل سروسز اقتدار احمد سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے، ڈپٹی میئر نے کہا کہ واٹر بورڈ کے عدم تعاون کے باعث اس علاقے کی مختلف گلیاں سیوریج کے مسائل سے دو چار ہیں، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ذمہ داروں کی طرف سے اس سلسلے میں کئی مرتبہ یقین دہانی کے باوجود یہاں سیوریج کے کام تاحال تعطل کا شکار ہیں جس کے باعث علاقے کے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے، واٹر بورڈ اپنی ذمہ داری محسوس کرے اور جلد از جلد یہاں سیوریج کے کام مکمل کرے تاکہ باقی ماندہ گلیوں اور فٹ پاتھوں کو بھی تعمیر کیا جاسکے اور علاقے کے لوگوں کو ان مسائل سے نجات مل سکے، اس موقع پر ڈپٹی میئر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ان علاقوں کی سڑکوں کو وسیع کیا گیا ہے جس سے یہاں ٹریفک جام کی صورتحال میں نمایاں کمی ہوگی، یوسی27- کی چیئرپرسن عابد ہ سلطانہ نے اس موقع پر بتایا کہ ہم نے اپنے یوسی فنڈز سے مین ہول کے رنگ اور کور اور دیگر کام مکمل کئے ہیں جبکہ میئرکراچی وسیم اختر کی ہدایت پر سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی تعمیر کی جا رہی ہے، اس موقع پر تاجر رہنمائوں، دکانداروں اور علاقہ مکینوں نے میئر کراچی وسیم اختر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی کی خصوصی دلچسپی اور کوششوں سے یہاں سڑکوں کی تعمیر کا آغاز ہوگیا ہے جس کے لئے ہم ان کے شکر گزار ہیں