ضلع کچھی میں ڈاکو راج قائم ہے ،انتظامیہ چوروں ،ڈاکوئوں کے سامنے بے بس ہوگئی ہے عوام اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھنے لگ گئے ہیں، میر عاصم کرد گیلو

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:51

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے کہا ہے کہ ضلع کچھی میں ڈاکو راج قائم ہے اور انتظامیہ چوروں اور ڈاکوئوں کے سامنے بے بس ہوگئی ہے عوام اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھنے لگ گئے ہیں جس کا واضح ثبوت آج بھی ان ڈاکوئوں اور چوروں کے ہاتھوں دو چرواہوں کا بے دردی سے قتل ہے جبکہ ایک ڈاکو بھی مارا گیا ہے ۔

نا اہل کچھی انتظامیہ کو فی الفور تبدیل نہ کیا گیا تو عوام احتجاج کا راستہ اپنائیں گے۔ یہاں جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں سابق صوبائی وزیر میرعاصم کرد گیلو نے کہا کہ ضلع کچھی میں ڈاکو راج قائم ہونے کے باعث علاقے کے عوام اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھنے لگے ہیں دن دیہاڑے ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں نے پرامن علاقے کو غیر محفوظ بنادیا ہے جس سے عوام میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے دن دیہاڑے علاقے کے لوگوں خصوصاً ہندوئوں کو لوٹا جارہا ہے اور انہیں مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ یہاں سے نقل مکانی کرجائیں ہم نے بارہا وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور متعلقہ حکام کی توجہ ضلع کچھی میں اس ڈاکو راج کی طرف مبذول کرائی ہے لیکن ابھی تک صورتحال جوں کی توں ہے اگر اس نااہل انتظامیہ کو فی الفور تبدیل نہ کیا گیا تو ہم احتجاج کا راستہ اپنانے پر مجبور ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ حاکم پر ہوگی۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع کچھی کے عوام اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں ہم ان کے ساتھ ہیں اور ایسے حالات میں ہم انہیں کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور علاقے میں قیام امن کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے جس کیلئے ہمیں احتجاج بھی کرنا پڑا تو ہم گریز نہیں کریں گے۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع کچھی میں شریف شہریوں کا رہنا محال ہوگیا ہے اور پرامن اور شریف شہریوں کو علاقہ بدر کرنے کی ایک مذموم سازش کی جارہی ہے ہم اس سازش کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ایسے سازشی اور ڈاکوئوں اور چوروں کی سرپرستی کرنے والوں کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گے۔