ایف بی آر نے دولت چھپانے کیلئے رشتہ داروں ، قابل بھروسہ ملازموں کے نام پر گاڑیاں رجسٹرڈ کروانیوالوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کر دیا

17 بے نامی لگژری گاڑیوں کے مالکان کو شوکاز نوٹسز جاری ،گاڑیوں کی دستاویزات اور خریداری کیلئے کی گئی ادائیگیوں کا ریکارڈ طلب

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:59

ایف بی آر نے دولت چھپانے کیلئے رشتہ داروں ، قابل بھروسہ ملازموں کے نام ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے دولت چھپانے کیلئے رشتہ داروں اور قابل بھروسہ ملازموں کے نام پر گاڑیاں رجسٹرڈ کروانے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ،لاہور میں قائم بے نامی زون نے 17 بے نامی لگژری گاڑیوں کے مالکان کو شوکاز نوٹسز جاری کردئیے ا ور گاڑیوں کی دستاویزات اور خریداری کیلئے کی گئی ادائیگیوں کا ریکارڈ طلب کرلیا گیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بے نامی زون نے 9 بے نامی لینڈ کروزر، 2 فارچونر، ایک اوڈی کار جبکہ 5 ہائی لکس گاڑیوں کے مالکان کو نوٹسز بھجوا کر تفصیلات طلب کرلی ہیں۔یہ لگژری گاڑیاں فروری 2014 سے دسمبر 2018 تک رجسٹرڈ ہوئیں۔ایف بی آر نے ان 17 گاڑیوں کے مالکان کو گوشوارے جمع کرانے کیلئے بارہا نوٹسز جاری کئے تاہم انہوں نے گوشوارے جمع نہ کروائے۔لگژری گاڑیوں کے مالکان بے نامی زون کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے تو گاڑیاں اٹیچ کروادی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بے نامی زون کا نوٹس موصول ہونے کے بعد گاڑیوں کے مالکان گاڑیاں فروخت بھی نہیں کرسکیں گے۔ یہ گاڑیاں بے نامی ثابت ہونے پر ریفرنس ایڈجوڈیکیٹنگ اتھارٹی کو ارسال کیا جائے گا۔