مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی راولپنڈی نے 12ربیع الاول کے مرکزی جلوس اور تیاریوں بارے 10نکاتی ضابطہ اخلاق کا اعلان کر دیا

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:59

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی راولپنڈی نے 12ربیع الاول کے مرکزی جلوس اور اسکی تیاریوں کے سلسلے میں10نکاتی ضابطہ اخلاق کا اعلان کر دیا۔تمام میلاد کمیٹیوں ، جلوس کے روٹ میں لگائے گئے استقبالی کیمپ انتظامیہ ، شرکائے جلوس کے لئے مرتب کئے گئے ضابطہ اخلاق کا اعلان مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی کے صدر ندیم شیخ نی مرکزی دفتر میں خصو صی اجلاس کے دوران کیا ۔

اس موقع پر جنرل سیکرٹری ابرار احمد شیخ ،سینئر نائب صدور فواد حسین بٹ،فرحان شیخ ،نائب صدر عاصم قریشی ،سیکرٹری اطلاعت غلام علی خان،جوائنٹ سیکرٹری کاشف رسول و دیگر بھی موجود تھے ۔مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی کی جانب سے اعلان کردہ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا کہ جشن عید میلاد النبی ؐ کے مرکزی جلوس میں بڑی گاڑیوں اور ٹریلے کے داخل ہونے پر مکمل پابندی ہے ،جلوس کے روٹ میں سٹیج لگانے والے عاشقان رسول ؐ کسی بھی میوزکل سازوں والی پارٹی کو اپنے کیمپ پر وقت نہ دیں ،جشن چراغاں دیکھنے کے لئے گاڑیوں میں آنے والے لوگ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تا کہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے ،جلوس میں دف کے علاوہ ہر قسم کے میوزیکل سازوں اور باجوں پر مکمل پابندی ہو گی ۔

(جاری ہے)

شرکائے جلوس کے لئے ضابطہ اخلاق کے نکات میں کہا گیا کہ جشن عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر جلوس کے تقدس کا خاص خیال رکھا جائے ،جلوس میں صاف ستھرا لباس پہن کر با وضو شرکت کی جائے اور درود شریف کا کژت سے ورد کیا جائے ،جلوس میں شامل اور چراغاں دیکھنے کے لئے آنے والی فیملیز کا احترام کیا جائے اور جلوس سے متعلقہ تمام امور میں مشاورت اور بہتری کیلئے مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی کے اراکین ، رضاکاروں سے رابطہ کیا جائے ، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کیساتھ مکمل تعاون کیا جائے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ندیم شیخ کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی نے مرکزی جلوس کے لئے ضابطہ اخلاق کا اعلان کیا تھا جس پر بڑی حد تک عمل درآمد کیا گیا تھا اور اس سال مزید بہتری کے لئے کاوشیں جاری و ساری ہیں ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور میلاد کمیٹیوں سے رابطے مزید مربوط کرنے کے لئے عہدیدران اور ممبران کو ٹاسک دے دیئے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :