اے پی ڈی پی کی پیلٹ گنز سے متاثرہ کشمیریوں کے بارے میں’’میری دنیا تاریک ہے‘‘ رپورٹ جاری

جمعرات 24 اکتوبر 2019 00:05

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میںدوران حراست لاپتہ کشمیریوں کے والدین کی تنظیم اے پی ڈی پی نے مقبوضہ علاقے میں 2016کے عوامی انتفادہ کے بعد سے بھارتی ریاستی دہشت گردی اور پیلٹ گنز سے متاثرہ کشمیریوں کے بارے میں’’میری دنیا تاریک ہے‘‘عنوان سے ایک رپورٹ جاری کی ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی فورسز نے اس عرصے کے دوران بڑی تعداد میں کشمیر ی نوجوانوںکو مہلک پیلٹ گنز کا نشانہ بنایا جن میں 13سال تک کے کشمیری لڑکے بھی شامل ہیں۔

رپورٹ میں افسوس ظاہر کیاگیاہے کہ انسانی حقوق کی متعدد بین الاقوامی تنظیموںکی طر ف سے نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز کے بے دریغ استعمال پر تشویش ظاہر کئے جانے کے باوجود بھارتی فورسز مسلسل کشمیریوںکو پیلٹ گنز کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ رپورٹ میں مجموعی طورپر20پیلٹ گنزکے متاثرین کی روداد بیان کی گئی ہے جنہیں بھارتی فوجیوںنے 2016میں معروف نوجوان کشمیری رہنماء برہان مظفر وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد کئے جانیوالے احتجاجی مظاہروںکے دوران پیلٹ گنز کی فائرنگ کر کے بینائی سے محروم کردیا۔