مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی احتساب روکنے کے لئے نواز شریف اور آصف علی زرداری کی صحت پر سیاست کر رہی ہیں

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار کی نجی ٹی وی سے بات چیت

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی احتساب کے عمل کو روکنے کے لئے نواز شریف اور آصف علی زرداری کی صحت پر سیاست کر رہی ہیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے چیمپئن تھے اور دونوں رہنما بڑے پیمانے پر کرپشن الزامات کی وجہ سے جیل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ہر قسم کی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں لیکن اس کے باوجود وہ علاج کے لئے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں جبکہ ان کے مرض کا علاج پاکستان میں دستیاب ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ عدالت نے پہلے ہی نواز شریف کی صحت سے متعلق فیصلہ سنا دیا ہے کہ انہیں علاج کیلئے بیرونی ممالک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) پر زور دیا کہ اپنے رہنمائوں کی صحت پر سیاست سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) آصف علی زرداری اور نوازشریف کے خلاف احتساب کے عمل کو روکنے کیلئے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہیں لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد کے حصول میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ نام نہاد آزادی مارچ کے دوران وفاقی دارالحکومت کے لوگوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔