مریم نواز کو ہسپتال سے جیل منتقل کردیا گیا

نون لیگی راہنما کو صبح پانچ بجے جیل واپس بھجواناتشویش ناک ہے. مریم اورنگزیب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 24 اکتوبر 2019 10:15

مریم نواز کو ہسپتال سے جیل منتقل کردیا گیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 اکتوبر ۔2019ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف کو سروسز ہسپتال سے واپس کوٹ لکھپت جیل منتقل دیا گیا ہے. پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ مریم نواز شریف کو جمعرات کی صبح جیل واپس منتقل کر دیا گیا ہے.

واضح رہے کہ بدھ کی شب کو مریم نواز شریف کو اپنے والد سے ملنے کے لیے جیل سے سروسز ہسپتال جانے کی اجازت دی گئی تھی اور ہسپتال پہنچنے کے بعد یہ اطلاعات سامنے آئی کہ انھیں طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال میں داخل کر لیا گیا.

(جاری ہے)

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مریم نواز کو ڈاکٹروں کی ہدایت کے برخلاف کوٹ لکھپت جیل واپس لے جانے کی شدید مذمت کی گئی ہے‘ان کا جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق طبیعت کی ناسازی کے باوجود مریم نواز کو صبح پانچ بجے جیل واپس بھجواناتشویش ناک ہے.

مریم اورنگزیب کے جاری کردہ بیان کے مطابق انھوں نے دعویٰ کیا کہ جیل واپسی کے وقت بھی مریم نواز کی طبیعت خراب تھی اور انھیں بلند فشار خون اور دل کی دھڑکن نارمل نہ ہونے کی شکایت تھی‘مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرز نے ٹیسٹس کے بعد مریم نواز کو ہسپتال داخل کرنے کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ گذشتہ چند روز سے ان کی طبیعت ناساز ہے.

انھوں نے حکام پر الزام عائد کیا کہ مریم نواز کے طبی تجزیے کی رپورٹس ان کے بچوں اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو فراہم نہیں کی جارہی تھیں مریم نواز شریف کی اس انداز میں جیل واپسی پہلے سے بیمار نواز شریف کو مزید ذہنی اذیت پہنچانے کی ایک اور کوشش ہے. اس سے قبل بدھ کی شب کو مریم نواز اپنے والد کی عیادت کے لیے جب سروسز ہسپتال پہنچی تھی تو مسلم لیگ نون کے رہنما عطا اللہ تارڑ کے مطابق نواز شریف سے ملاقات کے بعد وہ ’بیہوش ہونے والی تھیں‘ مریم نواز نے بلڈ پریشر میں کمی اور سر چکرانے کی شکایت کی تھی‘مریم نواز شریف کی ترجمان عظمیٰ بخاری کے مطابق مریم نواز شریف کی طبیعت ایک ہفتے سے ناساز تھی اور انھوں نے انفیکشن کی شکایت کی تھی اور اب ان کے ٹیسٹ کیے گیے ہیں.

عظمیٰ بخاری کے مطابق جناح ہسپتال کے ڈاکٹرز ان کا علاج کر رہے تھے‘اس سے قبل بدھ کو ہی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر مریم نواز نے استدعا کی تھی کہ جیل واپسی پر انھیں ہسپتال میں اپنے والد سے ملاقات کی اجازت دی جائے تاہم عدالت نے مریم نواز کی اس درخواست کو مسترد کر دیا. احتساب عدالت میں پیشی کے موقعے پر مریم نواز سے ان کے بیٹے جنید صفدر نے بھی ملاقات کی تھی مریم نواز نے ان سے اپنے والد نواز اور شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی خیریت معلوم کی والد کی صحت کے تذکرے پر مریم نواز غمگین نظر آئیں‘نواز شریف کی صحت خراب ہونے پر پیر کی رات انھیں نیب تحویل میں لاہور کے سرکاری ہسپتال سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا علاج جاری ہے.

احتساب عدالت نے مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کے جوڈیشنل ریمانڈ میں دو دن کی توسیع کرتے ہوئے انھیں 25 اکتوبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا‘اسی روز نواز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی معیاد بھی ختم ہو رہی ہے. یاد رہے نیب نے چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور یوسف عباس کے بعد نواز شریف کو تفتیش کے لیے گرفتار کیا تھا نواز شریف بھی چودھری شوگر ملز کے معاملے شریک ملزم ہیں.