جدہ میں تعمیراتی کمپنی کی جانب سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر درجنوں پاکستانی کارکن سراپا احتجاج

45 پاکستانی کارکنوں نے پاکستانی قونصلیٹ کے ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کر کے بتایا ہے کہ اُنہیں پانچ ماہ سے کمپنی کی جانب سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 24 اکتوبر 2019 10:48

جدہ میں تعمیراتی کمپنی کی جانب سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر درجنوں ..
جدہ(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اکتوبر2019ء) جدہ میں ایک تعمیراتی کمپنی کی جانب سے کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر درجنوں پاکستانی شدید مشکلات کا شکار ہو گئے۔ اُردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق مقامی تعمیراتی کمپنی کے پریشان حال 45 پاکستانی کارکنوں نے پاکستانی قونصل خانے کے ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ کئی برس سے ایک نجی تعمیراتی کمپنی میں کام کر رہے ہیں ۔

شروع میں تو سب ٹھیک ٹھاک چلتا رہا تاہم کمپنی کی جانب سے گزشتہ پانچ ماہ سے اُنہیں تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔ کچھ کارکنوں کے اقامے بھی ایکسپائر ہو چکے ہیں مگر کمپنی کی جانب  سے ان اقاموں کی تجدید نہیں کروائی جا رہی جس کے باعث اُنہیں بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک متاثرہ پاکستانی یار محمد نے بتایا کہ”کمپنی کے ذمے اقاموں کی تجدید اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی ہوتی ہے مگر ہمیں پانچ ماہ ہو چکے ہیں تنخواہ نہیں ملیں جس کی وجہ سے شدید مشکلات سے دوچار ہیں، رقم نہ ہو نے کے سبب موبائل بیلنس بھی لوڈ نہیں کرسکتے جس کی وجہ سے ہمارا گھروالوں سے رابطہ بھی مشکل ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور متاثرہ شخص محمد اسلم کا کہنا تھا کہ”کمپنی کے ذمہ داروں سے جب بھی بات کی وہ کہتے ہیں کہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا مگر یہ سنتے سنتے آٹھ ماہ ہو چکے ہیں ہمیں سب سے زیادہ پریشانی اقاموں کی ہے جن کی مدت ختم ہو چکی ہے جس کی وجہ سے ہمارا اسٹیٹس غیر قانونی مقیمین میں ہو جاتا ہے۔“ پاکستانی قونصل خانے کے عہدے دار ماجد حُسین میمن نے بتایا کہ یہ معاملہ فوری طور پر لیبر کورٹ بھیجا جائے گا۔ انہوں نے متاثرین کو ہدایت کی کہ تمام افراد علیحدہ علیحدہ درخواستیں قونصلیٹ میں جمع کروا دیں تاکہ اس معاملے کو لیبر کورٹ میں بھیجا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :