تحریک ِ ادب و ثقافت کی جانب سے تقریب ایک شام ’’شہیدِ پاکستان حکیم محمد سعید ‘‘ کے نام مقامی سماجی کلب دیالداس میں منعقد کی گئی

جمعرات 24 اکتوبر 2019 22:12

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2019ء) تحریک ِ ادب و ثقافت کی جانب سے تقریب ایک شام ’’شہیدِ پاکستان حکیم محمد سعید ‘‘ کے نام مقامی سماجی کلب دیالداس میں منعقد کی گئی جس کی صدرات شہید حکیم محمد سعید نے کی ۔تقریب سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ناصر الدین شیخ نے کہا کہ حکیم محمد سعید نے ایک دفعہ کہا تھا میرا خواب ہے کہ پاکستانی جوانوں کو آنے والے کل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار کروں کیوں کہ میں پاکستان کو ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں کھڑا دیکھنا چاہتا ہوںغور کریں تویہی نظریہ قائدً اعظم ؒ کا بھی تھا۔

انہوں نے کہا کہ حکیم محمد سعید کا سب سے اہم کام ہمدرد لیبارٹری قائم کرنا ہے جیسے ترقی یافتہ ممالک میں تحقیقی لیبارٹریز ہوتی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکیم سعید نے دنیا کے جتنے بھی ممالک کے سفر کئے وہ سفر نامے تحریر کئے اور قوم کو بتا یا کہ کون سی قوم میں کون سے اُوصاف ہیں جن کی وجہ سے وہ دنیا میں نمایاں ہیں یہ بہت اہم کام تھا درحقیقت یہ بھی ایک تحریک تھی سفر نامہ نہیں تھا ۔

مہمانِ خصوصی بریگیڈئیر عامر زاہد خان نے کہا کہ انہوں نے حکیم محمد سعید سے ملاقات میں اُن کو مشفق ،حلیم اور نفیس شخصیت کا مالک پایاوہ وقت کی پابندی کا خیال رکھتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ہمدرد نونہال سے ہم نے دنیا کو دیکھنا ،سمجھنا اور اُردو زبان کو پڑھنا شروع کیا۔انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کو ہمدرد نونہال پڑھائیں ۔

تحریک ِ ادب و ثقافت کے بانی چئیرمین عمران نور نے کہا کہ حکیم محمد سعید کی زندگی کا بغور جائزہ لیا جائے تو ان کی زندگی دو مقاصد کے تحت گزرتی نظر آئیگی، انسانیت کی بلا امتیاز خدمت اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے عملاً شب و روز مصروف رہنا ۔ہمیں بھی چاہئیے کہ ہم اُن کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے انسانیت کی بلاتفریق خدمت اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے عملاً کام کریں ۔

تقریب سے معروف ادیب عشرت علی خان، ڈاکٹر ناصر مجید، پروفیسر حکیم محمد نسیم، حکیم رشید،شاعر مجید امبر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس تقریب میں شہیدِ پاکستان حکیم محمد سعید ایوارڈ ، ایدھی ایوارڈ تقسیم کئے گئے، شرکاء پر گل پاشی کی گئی جبکہ بچوں میں ہمدرد نونہال معروف ادیبہ ڈاکٹر رضوانہ انصاری اور خواتین اساتذہ محترمہ سمیرا شیخ،محترمہ شائستہ عمران اور محترمہ نائلہ اوصاف نے تقسیم کئے۔ تقریب میں تحریکِ ادب و ثقافت کے صدر معروف ادبی و ماہرِ تعلیم شخصیت پروفیسر مسکین احمد منصور کے علاوہ زندگی کے ہر شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھر پور شرکت کی۔