لبنان میں احتجاج کے بعد 2088 سعودی شہری وطن واپس لوٹ گئے

لبنان میں موجود سعودی شہریوں کو احتجاج سے دوررہنے،پوری احتیاط برتنے،مزید افرادکو سفر سے گریز کی ہدایت

جمعہ 25 اکتوبر 2019 11:40

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2019ء) لبنان میں سعودی عرب کے سفیر ولید بخاری نے تصدیق کی ہے کہ بیروت میں حالیہ مظاہروں کے بعد سے رفیق حریری ہوائی اڈے کے راستے 2088 سعودی شہری وطن واپس لوٹے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمعہ کے روز بیروت میں سعودی سفارت خانے نے سعودی شہریوں کو متنبہ کیا کہ وہ مظاہروں کے مقامات سے دور رہیں۔

(جاری ہے)

سفارتخانے نے اپنے سرکاری ٹویٹر ہینڈل کے ذریعہ ایک انتباہ بھی جاری کیا جس میں کہا گیا ہے لبنان میں موجودہ سیکیورٹی کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے سعودی شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر انہیں احتیاط برتنے اور مظاہروں کی جگہوں سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔اسی سیاق میں سعودی وزارت خارجہ نے لبنان میں موجود اپنے شہریوں سے پوری احتیاط برتنے کا مطالبہ کیا اور سعودیوں کو خبردار کیا کہ وہ لبنان کے سفر سے گریز کریں۔لبنان میں حالیہ حکومت مخالف مظاہروں کے آغاز کے بعد ہی سے سعودی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھر پور کوششیں کی ہیں۔