ملک بھر میں پرسوں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ، بھارت کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا ، مسرت جمشید چیمہ

جمعہ 25 اکتوبر 2019 12:11

ملک بھر میں پرسوں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ، بھارت کے خلاف یوم سیاہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2019ء) چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پرسوں (27 اکتوبر کو) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا ،کاروباری ماحول میں بہتری اور اصلاحات کے حوالے عالمی اداروں کی مثبت رپورٹس کے بعد اپوزیشن ’’ میں ناں مانوں ‘‘ کی رٹ چھوڑ دے اور ترقی کے سفر کو تیز کرنے میں اپنی تجاویز دے، نواز شریف سے متعلق معزز عدالتوں کے فیصلے کو تسلیم کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والی پارٹی کی خواتین رہنمائوںکے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حالات میں ہمیں اتحاد کی ضرورت ہے لیکن اپنے سیاسی مفادات کے لیے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ماضی میں پھیلائی گئی غربت،جہالت اور بیروزگاری کے خلاف مارچ کریں ہم ان کے شانہ بشانہ ہوںگے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 22کروڑ عوام کا ملک ہے اور کئی دہائیوں کے پیدا کئے گئے بگاڑکو راتوں رات درست نہیں کیا جا سکتا ، حکومت اس کے لئے حکمت کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ دور میں کرپشن کرنا معمولی با ت تھی لیکن آج ہر کوئی اس برائی کی طرف قدم بڑھاتے ہوئیڈرتا ہے اور انشااللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان کرپشن سے پاک ملک بنے گا جس سے ہمارے وقار میں اضافہ ہوگا۔