نمل انسٹی ٹیوٹ میانوالی اور دنیا کے سب سے بڑے انکیوبیٹر آئیڈیاجسٹ کے ملک میں اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعہ 25 اکتوبر 2019 18:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2019ء) نمل انسٹی ٹیوٹ میانوالی اور دنیا کے سب سے بڑے انکیوبیٹر آئیڈیاجسٹ نے ملک میں اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس اقدام کا مقصد وزیر اعظم اسٹارٹ اپ پروگرام کو فروغ دینا ہے جو انٹراپنیورشپ ایکو سسٹم کی تعمیر کے لئے جلد شروع کیا جائے گا۔

آئیڈیا جسٹ وزیر اعظم اسٹارٹ اپ پروگرام کا کلیدی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو کہ نمل انسٹٹیوٹ میانوالی کے تھرڈ ، فائنل ایئر اور فارغ التحصیل طلباء کو آن لائن انٹرپرینیورشپ ٹریننگ فراہم کرے گا ۔آئیڈیا جِسٹ کے بانی حسن سیّد کے مطابق"یہ معاہدہ یقینی طور پر ملک میں انٹراپنیور شت کلچر کو فروغ دے گا جس کے لئے ہم سب کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

" اس منصوبے کے تحت ، دنیا کا صف اول کا ڈیجیٹل انکیوبیٹر طلباء و طالبات کو سات ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں مہارت کی تربیت تک رسائی فراہم کرے گی ، جن میں تھری ڈی پرنٹنگ، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، آگمنٹڈ رئیلٹی، بلاک چین انٹرنیٹ آف تھنگز، انٹیلیجنٹ گاڑیاں، اور اسمارٹ روبوٹ شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جامعات، ٹیکنیکل اداروں اور مدارس سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات ، محققین اور صنعتوں کے باہمی تعاون میں اضافے کے لئے ایک پورٹلwww.empowerpakistan.org تیار کیا گیا ہے تاکہ جدت طرازی سے چلنے والے کاروباری اداروں کی ترقی کی حوصلہ افزائی ہو۔اس سے نمل انسٹٹیوٹ میانوالی کے طلباء کو سرمایہ کاروں کے عالمی نیٹ ورک سے مربوط کرکے سپورٹ بزنس انکیوبیشن سنٹر ورکشاپس ، ون آن ون مانٹرنگ اور کاروباری عوامل کے رہنما خطوط بھی پیش کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئیڈیا جسٹ نمل انسٹٹیوٹ میانوالی کی فیکلٹی اور طالبات کو نیشنل انویسٹمنٹ پورٹل اور نیشنل انوویشن شوکیس تک رسائی حاصل کرنے میں مدد فراہم کرے گا جس کی مدد سے وہ اپنے اسٹارٹ اپس کی نمائش اور اس کے لئے سرمایہ کاری حاصل کرسکیں گے۔آئیڈیا جسٹ کے ساتھ اب تک پاکستان کے جو تعلیمی ادارے رجسٹر ہوچکے ہیں ان میں قابل ذکر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی، انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور، انٹرنیشنل سنٹر آف کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنس کراچی، مہران یونیورسٹی جامشورو، انسٹٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سکھر، بلوچستان یونیورسٹی، آئی ایم سائنسز پشاور، بلتستان یونیورسٹی سکھر، انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی اسلام آباد، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد، بلوچستان یونیورسٹی آف آئی ٹی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز، جناح یونیورسٹی برائے خواتین کراچی، کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، اوکاڑہ یونیورسٹی، نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان، نیشنل ٹیکسٹائیل یونیورسٹی فیصل آباد، پشاور یونیورسٹی، پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز برائے خواتین نوابشاہ، فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی، سندھ یونیورسٹی جامشورو، گورنمنٹ صادق کالج برائے خواتین بہاولپور، گجرات یونیورسٹی، ویمن یونیورسٹی ملتان، شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی برائے خواتین پشاور، سرگودھا یونیورسٹی، لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی، آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کوٹلی، گورنمنٹ کالج برائے خواتین یونیورسٹی فیصل آباد، سر سیّد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی، یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب لاہور، FAST-NUCES اسلام آباد، بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد، پاکستان انسٹٹیوٹ آف ڈیویلپمنٹ اکنامکس اسلام آباد، نمل یونیورسٹی اسلام آباد، گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ، یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ اور انسٹٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز لاہور شامل ہیں۔

جبکہ انکیوبیٹرز اور ایکسلریٹرز میں سے CGNPK اسلام آباد، سوشل انوویشن لیب اسلام آباد، Aptech کراچی اور سیڈ وینچرز کراچی آئیڈیا جسٹ کے ساتھ رجسٹر ہوچکے ہیں۔