ایبٹ آباد میں گرلز ہائی و ہائیر سکینڈری سکولز ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گیا

جمعہ 25 اکتوبر 2019 23:59

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2019ء) ایبٹ آباد میں گورنمنٹ گرلز ہائی و ہائیر سکینڈری سکولز ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گیا، باقاعدہ افتتاح رکن قومی اسمبلی عظمیٰ ریاض جدون نے کیا۔ تقریب کے آغاز سے قبل بچیوں نے پھولوں کے گلدستے مہمان خصوصی کو پیش کئے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ جنرل سیکرٹری سکولز ٹورنامنٹ و پرنسپل گرلز کمپری ہنسو ہائی سکول مس فرحت بشیر، ای ڈی او ریحانہ یاسمین، ڈپٹی ای ڈی او عائشہ سعید، تبسم شاہین، زاہدہ نعیم، مس حنا یاسمین، لبنیٰ نسیم اور دیگر سکولز کی پرنسپل، اساتذہ اور سکولز کی بچیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول سے ہوا اور بچیوں نے مارچ پاسٹ کے ذریعہ مہمان خصوصی کو سلامی دی اور گورنمنٹ ہائی سکول جھنگی کی بچیوں نے خوبصورت بینڈ کا مظاہرہ پیش کیا اور ملی نغمے و قومی ترانہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ گرلز کمپری ہنسو ہائی سکول مس فرحت بشیر نے کہا کہ بیڈ منٹن میں 48، والی بال میں 25، ٹیبل ٹینس میں 25، نیٹ بال میں 12 اور رسہ کشی میں 48 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ بزم ادب، حسن و قرات، نعت، قومی ترانہ، مضمون نویسی کے مقابلے ان ضلعی سکولوں کے درمیان منعقد ہوں گے۔ اس موقع پر فرحت بشیر نے کہا کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد انتہائی ضروری ہے۔