برطانیہ کے علاوہ دیگر یورپی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیںرواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں2.33فیصد اضافہ ریکارڈ

ہفتہ 26 اکتوبر 2019 20:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2019ء) برطانیہ کے علاوہ دیگر یورپی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیںرواں مالی سال 2019-20ء کی پہلی سہ ماہی میں 2018-19 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2.33فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بنک کے اس حوالے سے جاری اعداد و شمارکے مطابق جولائی سے ستمبرتک جرمنی، فرانس، ہالینڈ، سپین،اٹلی، سویڈن، ڈنمارک اور بیلجیئم میں مقیم پاکستانیوں نے 169.65ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2.33فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ان ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 165.78ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔

مالی سال 2017-18 کی پہلی سہ ماہی میں یورپی ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 161.74ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیا۔اعدادوشمارکے مطابق ستمبر 2019 میں جرمنی، فرانس، ہالینڈ، سپین،اٹلی، سویڈن، ڈنمارک اوربیلجیم میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 53.20 ملین ڈالر رہا جوگزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں کم ہے۔گزشتہ سال ستمبر میں یورپی ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 58.14ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔