یورپی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں2.33 فیصد اضافہ

ہفتہ 26 اکتوبر 2019 21:56

یورپی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں2.33 فیصد اضافہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2019ء) برطانیہ کے علاوہ دیگر یورپی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیںرواں مالی سال (2019-20 ئ)کی پہلی سہ ماہی میں 2018-19 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2.33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بنک کے اس حوالے سے جاری اعداد و شمارکے مطابق جولائی سے ستمبرتک جرمنی، فرانس، ہالینڈ، سپین،اٹلی، سویڈن، ڈنمارک اور بیلجیئم میں مقیم پاکستانیوں نے 169.65 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2.33 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ان ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 165.78 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔

مالی سال 2017-18 کی پہلی سہ ماہی میں یورپی ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 161.74 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیا۔اعدادوشمارکے مطابق ستمبر 2019 میں جرمنی، فرانس، ہالینڈ، سپین،اٹلی، سویڈن، ڈنمارک اوربیلجیم میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 53.20 ملین ڈالر رہا جوگزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں کم ہے۔گزشتہ سال ستمبر میں یورپی ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 58.14 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔