خیبر پختونخوا،ہائی ویز پر سیٹلائٹ ریسکیو اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ

ْمنصوبے پر امریکی ادارہ برائے انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ 13کروڑ 90 لاکھ روپے مالی تعاون پیش کرے گا

اتوار 27 اکتوبر 2019 14:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2019ء) خیبرپختونخوا حکومت نے ہائی ویز اور موٹرویز پر 8 سیٹلائٹ ریسکیو اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔صوبائی حکومت کے حکام نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ مذکورہ منصوبے کا مقصد ٹریفک حادثات میں متاثرین کی جان بچانا اور معذوری کے تناسب کو کم سے کم کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ منصوبے پر امریکی ادارہ برائے انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ 13کروڑ 90 لاکھ روپے مالی تعاون پیش کرے گا۔

حکام نے بتایا کہ صوبے میں ہائی ویز پر مربوط ریسکیو سروس کا کوئی نظام موجود نہیں اور قریبی اضلاع سے ہنگامی ٹیمیں جائے حادثہ پر بھیجی جاتی ہیں جنہیں پہنچنے میں تاخیر کا سامنا ہوتا اور اس طرح متعدد جانوں کا ضیاع ہوجاتا ہے۔حکام نے بتایا کہ ریلیف، ری ہبلیٹیشن اینڈ سیٹلمنٹ (آر آر ایس) کا محکمہ سیٹلائٹ ریسکیو اسٹیشن قائم کرے گا۔

(جاری ہے)

آر آر ایس کے سیکریٹری محمد عابد مجید نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے حادثات کی شرح زیادہ ہے۔

محمد عابد مجید نے بتایا کہ ہر ریسکیو سینٹر پر بڑی ایمبولنس ہوں گی جس میں 6 سے 8 متاثرین آسکیں گے۔علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ ضروری طبی سامان سمیت تربیتی یافتہ عملہ ہر وقت موجود ہوگا۔عابد مجید نے کہاکہ ان کے محکمے نے ابتدائی طور پر 8 ریسکیوسینٹر کی تجویز دی جس کی فنڈنگ یو ایس ایڈ کرے گا اور حکومت طبی عملہ فراہم کرے گی۔آر آر ایس کے سیکرٹری نے بتایا کہ ریسکیو سینٹر پر 24 گھنٹے سروس فراہم کی جائیں گی اور ان کا محکمہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی سے رابطہ کریگا تاکہ ایمبولینس کے لیے شیڈز اور شیپنگ کنٹینر رکھنے کے لیے جگہ کا حصول ممکن ہے جس میں ریسکیو اسٹیشن قائم ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 پورے منصوبے کو یقینی بنائیگی۔