کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پیرس میں احتجاجی مظاہرہ

ان مظاہروں اور جدوجہد کی بدولت مسئلہ کشمیر ان ایوانوں میں زیر بحث لایا جارہا ہے،شرکاء کی گفتگو

اتوار 27 اکتوبر 2019 17:10

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2019ء) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے فرانس کے درالحکومت پیرس کے اہم مقام ایفل ٹاور کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق آزاد جموں کشمیر فورم کے صدر مرزا آصف جرال، چیئرمین نعیم چوہدری کی قیادت میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کیے گئے مظاہرے میں بچوں نے خصوصی شرکت کی۔

مظاہرین سردی کے باوجوف گھنٹوں انڈیا، مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے، مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پرکشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کے اظہار کے علاوہ بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر مظالم بربریت کا نشانہ بنے والوں کی تصاویر آویزاں تھیں۔ریلی میں شریک نعیم چوہدری، مرزا آصف جرال ، معروف سیاسی سماجی شخصیت قدیر احمد اور دیگر نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے اپنے جذبات کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ مغربی ذرائع ابلاغ اور وہاں کے حکمرانوں کو مقبوضہ کشمیر میں 83 روز سے نافذ کرفیو، وہاں کی سنگین صورت حال سے آگاہ کرنے کے لیے ان ممالک میں مظاہروں کا اہتمام انتہائی ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان مظاہروں اور جدوجہد کی بدولت مسئلہ کشمیر ان ایوانوں میں زیر بحث لایا جارہا ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر بھارتی قبضہ سے آزاد ہوگا۔