کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے لاڑکانہ میں ریلی کا انعقاد ،شرکاء کا پاک فوج کے شانہ بہ شانہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم

اتوار 27 اکتوبر 2019 19:25

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2019ء) بھارتی بربریت اور جارحیت کے 72 برس مکمل ہونے پر محکمہ تعلیم، ضلعی انتظامیہ اور نیشنل پیس کونسل آف پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے لاڑکانہ میں ریلی کا انعقاد کیا گیا، محکمہ تعلیم کی جانب سے گورنمنٹ پائلٹ ہائیر سیکنڈری اسکول سے بینڈ باجوں کے ساتھ ریلی نکالی گئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب کے سامنے پہنچی جس میں محکمہ تعلیم کے افسران، اسکاؤٹس اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی، ضلعی انتظامیہ کی ریلی میں افسران اور شہریوں نے شرکت کی، دوسری جانب نیشنل پیس کائونسل پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے لاڑکانہ میں ریلی کا انعقاد کیا گیا تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیشنل پیس کائونسل آف پاکستان کے چیئرمین عاشق پٹھان کی زیرقیادت نکالی گئی ریلی میں پیس کائونسل کے رہنمائوں محمود پٹھان، ارجمند خان، ذوالفقار علی مگسی، آفتاب انصاری، جاوید عباسی، خالد عباسی، محمد علی شیخ، کلیم اللہ درانی سمیت معروف سماجی رہنما اکبر احمر فھل اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی لاڑکانہ پریس کلب پہنچی اس موقع پر چیئرمین عاشق پٹھان، محمود پٹھان، اکبر احمر سمیت دیگر نے کہا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف بربریت پر مبنی قبضے کو 73 برس جبکہ بھارتی جارہیت اور نافظ کرفیو کو بھی 84 روز گزر چکے ہیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ناپاک عزائم دنیا کے سامنے کھل کر آچکے ہیں اب دنیا بھر کے ممالک کو مقبوضہ کشمیریوں کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاہم پاکستان کے عوام آخری سانس تک کشمیریوں کے ساتھ ہیں اس موقع پر پاک افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کو مونہہ توڑ جواب دینے اور ملک کے دفاع کی خاطر جانوں کا نظرانہ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کے شانہ بہ شانہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا۔